لاہور: (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماء چودھری پرویز الہیٰ نے شریف برادران کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں بھائی اقتدار میں ہوں تو فرعون ہوتے ہیں۔ دونوں کو حکومت کرتے ہوئے 25 سال ہو گئے لیکن انہوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ یہ پورے کا پورا ٹبر ہی پکڑا گیا ہے۔ ان کو پکڑ اللہ کی طرف سے آئی ہے۔ نواز شریف آخری ٹکریں مار رہے ہیں۔چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ اصل میں ان کو سانحہ ماڈل ٹاؤن نظر آ رہا ہے جس سے ان کی ٹانگیں کانپنا شروع ہو گئی ہیں۔ اب گرفتاریوں سے بچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ نواز شریف گرفتاری سے بچنے کیلئے ڈرامہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ملکی اداروں کو بدنام کر رہے ہیں۔ کیا عوام نے ان کو عدلیہ اور فوج کے خلاف لڑنےکیلئے ووٹ دیا تھا؟ عدالت پر حملے کا وقت گزر گیا ہے، اب کسی میں جرات نہیں ہو گی کہ وہ حملہ کر سکیں۔ سپریم کورٹ پر حملے کا اب زمانہ نہیں رہا، ان کی کال پر کوئی نہیں آئے گا۔
اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی) عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس ختم ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں نواز شریف کے عدلیہ سے متعلق ریمارکس کی مذمت کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف عدلیہ کے ساتھ محاذ آرائی کر رہے ہیں، تحریک انصاف عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے، عوام نے نواز شریف کے مظلومیت کارڈ کو مسترد کر دیا۔ عمران خان کا مشاورتی اجلاس میں کہنا تھا کہ ریلی میں عوام کی عدم شرکت ثابت کرتی ہے کہ انہیں نواز شریف کی چوری پر یقین ہے، پانچ ججوں نے نواز شریف کے خلاف 547 صفحوں کا متفقہ فیصلہ دیا، نواز شریف سپریم کورٹ میں اپنی بے گناہی کا کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اب آپ پر فردِ جُرم عائد ہونے جا رہی ہے، میاں صاحب، آپ مُلزم سے مُجرم بننے جا رہے ہیں۔
راولپنڈی: (نمائندہ خصوصی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے لیاقت باغ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف نے ریلی کا فلاپ شو کیا، عمران خان کا تیرہ اگست کو لیاقت باغ میں جلسہ کامیاب ہو گا اور لیاقت باغ چھوٹا پڑ جائے گا۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے موجودہ حکومت اور نواز شریف پر بھی خوب تنقید کی انہوں نے نواز شریف کو زخمی سانپ قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نااہلی کے بعد نواز شریف عدلیہ اور فوج کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے صدر عامر کیانی کا کہنا تھا کہ 70ویں یوم آزادی پر بھرپور جشن لیاقت باغ میں منایا جائے گا۔ عامرکیانی نے جلسے میں خواتین کو بھی شرکت دے دی۔
اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ شریف برادران میں کوئی تنازع نہیں، لیکن کچھ لوگوں کی خواہش ہے کہ ایسا ہو جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میاں محمد نواز شریف ہی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ رہیں گے کیونکہ کسی اور کو پارٹی صدر بنانا محض خانہ پُری ہو گی۔ شہباز شریف اور کلثوم نواز کے معاملے پر فیصلہ پارٹی ہی کرے گی۔ نواز شریف کی پالیسیوں کو جاری رکھیں گے۔نجی ٹیلی وژن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عوام نے پاناما کیس کے فیصلے کو قبول نہیں کیا۔ میاں محمد نواز شریف کو جیسے نااہل کیا گیا، اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ دوسری جماعتیں بھی کہہ رہی ہیں کہ زیادتی ہوئی، فیصلے کیخلاف نظر ثانی درخواست دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 62، 63 میں ترمیم ہونی چاہیے۔ پاکستان کی 20 کروڑ عوام میں شاید ہی کوئی ہو جو اس شق پر پورا اترتا ہو۔ آئین کی اس شق میں ابہام ہے جسے دور کرنے کی ضرورت ہے۔ تبدیلی پارلیمنٹ کے اتفاق رائے سے ہونی چاہیے۔پاکستان میں دہشتگردی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم دہشتگردی کیخلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ لڑ رہے ہیں، ہمیں اس کا مل کر مقابلہ کرنا ہے۔ بھارت کیساتھ دو طرفہ تعلقات بارے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں بھارت کو دوست ملک نہیں کہہ سکتا۔ کشمیر مسئلہ حل کے بغیر معاملات بہتر نہیں ہو سکتے۔قومی احتساب بیورو پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نیب کو آمر نے سیاسی جماعتوں کو توڑنے کے لیے بنایا تھا جو پھیلتا گیا۔ نیب قانون کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے لیکن ہر سیاسی جماعت نیب کے قانون کو چھیڑتے ہوئے گھبراتی ہیں۔ نیب بنیادی طور پر انصاف کے تقاضوں کیخلاف ہے۔ نیب قانون کو اتفاق رائے سے تبدیل ہونا چاہیے۔
اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی) مشن جی ٹی روڈ، نواز شریف کا قافلہ منزل کی جانب رواں دواں ہے، لاہور سفر کے لئے پہلا روز سست رفتار رہا جبکہ دوسرے روز انتہائی برق رفتاری سے سفر طے کیا جا رہا ہے، گوجر خان کو کراس کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا قافلہ سوہاوہ پہنچ گیا۔
میاں نواز شریف کا سوہاوہ میں خطاب
سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے سوہاوہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ججز نے نواز شریف کو گھر بھیج دیا، کیا آپ کو منظور ہے؟، میں اپنی نہیں بلکہ 20 کروڑ عوام کی نا اہلی کا مقدمہ لیکر نکلا ہوں۔ انہوں نے کہا نواز شریف پر کرپشن کا الزام نہیں، کیا یہ مجھے ملک کی خدمت کا انعام ملا ہے ؟، کیا آپ میرا ساتھ دینگے؟۔روات اور مندرہ کراس کر کے قافلہ گوجر خان پہنچ گیا، گوجر خان پہنچ کر قافلے کی رفتار سست ہو گئی، کارکنوں نے شاندار آتش بازی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے قافلے کا استقبال کیا۔
میاں نوازشریف کا گوجر خان میں مختصر خطاب
گوجر خان میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا عوامی مینڈیٹ کی توہین برداشت نہیں، میرا ایجنڈا آئین و قانون کی بالادستی ہے۔ انہوں نے کہا میری جدوجہد عوام کیلئے ہے، کیا آپ میرا ساتھ دینگے؟۔ نواز شریف نے رات پنجاب ہاؤس راولپنڈی میں گزاری۔ نواز شریف آسمانی رنگ کی قمیض شلوار، واسکٹ میں ملبوس سلور رنگ کی گاڑی میں سوار ہیں۔ کارکنوں کی ایک بڑی تعداد قافلے میں شریک ہے۔ راولپنڈی سے لاہور روانگی سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کے زیر صدارت پنجاب ہاؤس میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اجلاس کے بعد نوازشریف نے دعا کرائی۔
اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے بار بار کہا تھا کہ جو عدالت کا فیصلہ ہو گا، مین تسلیم کروں گا، پھر انہوں نے یوسف رضا گیلانی سے کہا تھا کہ تم پر الزام لگا ہے، استعفیٰ دو، گھر جاؤ لیکن اب وہی نواز شریف عدالت کا فیصلہ نہیں مان رہا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتیں نواز شریف کی ہیں اور وہ ریاست کے ذرائع استعمال کرتے ہوئے کنٹینر میں گھس گئے ہیں لیکن جب میں کنٹینر میں تھا تو نواز شریف کہتے تھے کہ اس سے جمہوریت ڈی ریل ہو رہی ہے۔عمران خان کہتے ہیں اگر وہ سچے اور ایماندار نہیں تو کسی بھی وزارت پر ان کا کوئی حق نہیں۔ دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا یہ بھی کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی کے معاملے پر آزاد پارلیمانی کمیشن متنازعہ میسیجز کا جو فیصلہ کرے گا، وہ قبول کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن اور فرانزک ماہرین کی ٹیم جو فیصلہ کرے گی، انہیں قبول ہو گا۔ عمران خان نے سربراہ مملکت کیلئے سچے اور ایماندار ہونے کی شرط بھی لازمی قرار دے دی، بولے آرٹیکل 62، 63 پر عمل ہوتا تو ملک کا یہ حال نہ ہوتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمران عوام کا نام استعمال کر کے اقتدار میں آتے ہیں اور حکومت ملنے پر یہاں کا پیسہ چوری کر کے بیرون ملک لے جاتے ہیں۔
اسلام آبد: (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ کے مزید 4 ارکان نے عہدوں کا حلف اٹھالیا جس کے بعد کابینہ کا حجم 47 ارکان تک پہنچ گیا۔ وفاقی کابینہ کے 43 ارکان نے 4 اگست کو ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں حلف اٹھایا تھا تاہم 4 ارکان تقریب کا حصہ نہ بن سکے جنہوں نے آج عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔اس حوالے سے ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جہاں صدر مملکت ممنون حسین نے وزراء سے حلف لیا۔ کابینہ میں شامل 2 وفاقی وزراء میں دانیال عزیز اور ممتاز احمد تارڑ شامل ہیں جبکہ 2 وزرائے مملکت سید ایاز شاہ شیرازی اور دوستین ڈومکی سے بھی عہدوں کا حلف لیا گیا۔
اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی) بدھ کو مشن جی ٹی روڈ کا آغاز ہوا۔ جمعرات کو بھی عوام نواز شریف کے ساتھ ساتھ ہیں۔
نواز شریف جہلم پہنچ گئے
راولپنڈی سے نکلتے ہی سابق وزیر اعظم کے قافلے نے 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرتے ہوئے نہایت تیزی سے منزل در منزل سفر کیا اور مختلف مقامات پر نہایت مختصر خطاب کرنے کے بعد نواز شریف دینہ سمیت متعدد قصبوں میں کارکنوں سے خطاب کئے بغیر ہی جہلم پہنچ گئے۔
عابد شیر علی اور طلال چودھری
نواز شریف کے قافلے کے ساتھ ساتھ محو سفر عابد شیر علی بالخصوص اور وزیر مملکت طلال چودھری بالعموم عوام کو انٹرٹین کرنے کا فریضہ اپنے ذمہ لئے ہوئے ہیں۔ دونوں رہنماء کبھی پارٹی ترانوں پر محو رقص نظر آتے ہیں تو کبھی خوب بڑھ چڑھ کر نعرے لگاتے ہیں۔ دونوں، عوام کو بھی اپنے اس شغل نعرہ بازی و رقص پسندی میں شامل کئے ہوئے ہیں۔ جہلم میں کارکنوں سے اپنے مختصر خطاب میں طلال چودھری بولے، روک سکتے ہو تو روک کر دکھاؤ، نواز شریف نہیں رکے گا۔
امیر مقام
جہلم میں امیر مقام نے بھی کارکنوں سے مختصر خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صرف اور صرف نواز شریف ہی پورے پاکستان کا لیڈر ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ خیبر پختونخوا کو عمران خان کی سیاست کا قبرستان بنا دیں گے۔ انہوں نے اہل پنجاب کو خبردار بھی کیا کہ وہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کی طرح عمران خان کے دھوکے میں نہ آئیں۔ ساتھ ساتھ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ جس طرھ خیبرپختونخوا کے لوگ مینڈیٹ دینا جانتے ہیں، اسی طرح لینا بھی جانتے ہیں، لہٰذا اب وہاں بھی لوگ تبدیلی کے نعروں سے مایوس ہونے کے بعد نواز شریف ہی کو منتخب کریں گے۔
سرائے عالمگیر
پنجاب کے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ سابق وزیر اعظم کے ٹھہرنے کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اپنے خصوصی ہیلی کاپٹر میں سرائے عالمگیر کے نجی ہوٹل پہنچے اور سکیورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس سے قبل سوہاوہ میں نواز شریف نے خطاب کیا اور کہا کہ وزیر اعظم کی نااہلی کا مطلب کروڑوں عوام کی نااہلی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے سوال کیا کہ کیا انہیں فیصلہ منظور ہے؟ نواز شریف نے کہا کہ ملک کی خدمت کا مجھے یہ انعام دیا گیا ہے، یہ جزا ہے ہے یا سزا؟ پاکستان کا یہ دستور اور یہ طریقہ کار ہمیں بدلنا ہو گا۔
اس سے پہلے گوجر خان میں خطاب کے دوران نواز شریف نے کہا کہ اُن کا ایجنڈا آئین اور قانون کی بالادستی ہے، عوامی مینڈیٹ کی توہین برداشت نہیں۔
قبل ازیں، صبح راولپنڈٰی سے روانگی سے پہلے سابق وزیر اعظم نے رفقاء سے طویل مشاورت کی۔ پھر نواز شریف گاڑی میں سوار ہوئے اور قافلہ منزل کی جانب چل پڑا۔
خواجہ سعد رفیق نے جب کہا کہ جلدی نکلیں تو گاڑیوں کی رفتار بڑھ گئی اور قافلے کے شرکاء 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے برھنے لگے۔ مشن جی ٹی روڈ کیلئے رواں دواں قافلہ متعدد استقبالی کیمپوں میں منتظر کارکنوں کو چھوڑ کر آگے بڑھ گیا۔
شہر شہر گزرتے قافلے کا استقبال کرنے والے لیگی کارکنوں کا جوش و خروش قابل دید ہے۔ ہر طرف پارٹی پرچموں کی بہار ہے۔ جگہ جگہ قائد کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ خواتین کارکن بھی پرجوش ہیں۔
اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی) بیگم کلثوم نواز، مریم نواز اور نواز شریف کے خاندان کے دیگر افراد اسلام آباد سے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچ گئے۔ پنجاب ہاؤس سے روانگی کے وقت سابق وزیر اعظم نے انے اہلخانہ کو الوداع کہا۔ نواز شریف کل ریلی کے ساتھ لاہور کیلئے براستہ جی ٹی روڈ روانہ ہوں گے۔ اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں وزیر اعظم کی صاحبزادی نے بتایا کہ انہوں نے اپنے والد سے ریلی میں شرکت کی اجازت مانگی مگر انہوں نے منع کر دیا۔
واضح رہے کہ مریم نواز کی مسلم لیگی حلقوں میں مقبولیت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ماضی کی عمومی روش کے برعکس، اب کی بار نون لیگ کے بینرز، پوسٹرز اور فلیکسز پر نواز شریف اور شہباز شریف کی تصاویر کی بجائے نواز شریف اور مریم نواز کی تصاویر دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لیگی حلقوں یہ رائے بھی پائی جاتی ہے کہ نواز شریف کے حلقے این اے 120 سے مریم نواز کو الیکشن لڑنا چاہئے تاکہ وہ اپنے والد کے نااہل قرار دیئے جانے کے باعث پیدا ہونے والے خلاء کو پُر کر سکیں اور یہ بھی کہ مریم نواز کو ریلی میں نواز شریف کے ساتھ آنا چاہئے تھا۔
لاہور: (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ریلی نواز شریف کا حق ہے، لوگ جمع کرنے کیلئے قوم کا پیسہ اشتہارات پر لٹانا افسوسناک ہے، عدالتی فیصلے سے فرار کیلئے ہجوم اکٹھا کرنا خطرناک سیاسی حربہ ہے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے شفقت محمود نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف جس بھی سڑک پہ جانا چاہیں انہیں پوراحق حاصل ہے،لیکن لوگ جمع کرنے کے لئے اشتہارات پرقوم کا پیسہ لٹانا انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف جس انداز سے چاہیں سیاست کریں مگر قوم کا پیسہ برباد نہ کریں، انہیں سرکاری ملازمین اور ریاستی وسائل کو اپنی سیاست کا ایندھن بنانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا سفر کرنا نواز شریف کا اپنا کام ہے،عدالتی فیصلے سے فرار کیلئے ہجوم اکٹھا کرنا خطرناک سیاسی حربہ ہے، نواز شریف کا یہ قدم جمہوریت کیلئے انتہائی مہلک ثابت ہوگا۔