لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی ایک پرواز کراچی میں لینڈنگ سے ایک منٹ قبل حادثے کا شکار ہوگئی ہے۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی کے 303 لینڈنگ اپروچ پر تھی کہ کراچی ایئرپورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گئی۔اطلاعات ہیں کہ جہاز میں 95 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے۔حادثے کے بعد آگ لگ گئی اور قریب کی آبادی کو بھی آگ نے لپیٹ میں لے لیا۔سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ، پولیس، رینجرز اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
وزیراعظم نے وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کرنے کی منظوری دیدی ، کورونا سے معیشت کو نقصان کی وجہ سے بجٹ اہداف کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کیا جائے گااور وزیراعظم عمران خان نے وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ رپورٹ کا ذرائع کے حوالے سے کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کے افسران پر دارالحکومت چھوڑنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ کورونا سے معیشت کو نقصان کی وجہ سے بجٹ اہداف کم کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے،وزارت خزانہ کے متعلقہ افسران عید کی تعطیلات پر گھروں کو نہیں جاسکیں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما ملک محمد احمد خان کا کہنا ہے کہ حکومت کی رپورٹ نظر کے دھوکے کے سوا کچھ نہیں ہے، ملک میں چینی کی مصنوعی قلت صاف نظر آ رہی تھی، وزیراعظم نے چینی کی قلت اور قیمت میں اضافے کا کوئی نوٹس نہیں لیا تھا۔ملک محمد احمد خان نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چینی بحران سے متعلق رپورٹ کو دھوکا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انکوائری رپورٹ کو یکسر مسترد کرتے ہیں، رزاق داؤد، خسرو بختیار اور دیگر حکومتی لوگوں کو کچھ نہیں کہا گیا ، اصل معاملہ چینی کی قلت پیدا کرنے والوں کو بے نقاب کرنا تھا جو نہیں کیا گیا، دیکھا جاتا کہ کس نے چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی، دیکھنا چاہیے تھا کہ ای سی سی کے فیصلوں میں کون لوگ شامل تھے، عمران خان کوکمیشن کےسامنے پیش ہونےکے لیے کہا ہی نہیں گیا۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ نیب کابینہ کی ذمہ داری کو کیوں نہیں دیکھ سکتا، برآمد سےملک میں چینی کی قلت پیدا ہوئی اس کا ذمےدارکون ہے، کیا مشترکہ ذمےداری کے اصول سے وزیراعظم آگاہ نہیں؟۔محمداحمدخان کا کہنا تھا کہ کمیشن 2018ء کی چینی قلت پر بنایا گیا تھا، 2015ء سے تحقیقات چینی اسکینڈل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ چینی کی قلت 2018ء میں موجودحکومت میں پیدا ہوئی، چینی برآمد کی اجازت دے کر قلت پیدا کرنے والے سے کوئی نہیں پوچھےگا۔ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ چینی 65 روپے سے بڑھا کر 85 روپے کلو کر دی گئی، رپورٹ میں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کےحوالےسےکوئی بات نہیں۔ملک محمداحمد خان نے پریس کانفرنس کے دوران سوال اٹھایا کہ کیابزدار عمران خان کی اجازت کے بغیر سبسڈی دینےکا فیصلہ کر سکتےہیں؟ کیا عثمان بزدار مقدس گائے کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اہلکارشریف فیملی کے بچوں کی شوگرملوں میں بیٹھےہیں، نواز شریف کی ملز تو پچھلے 9 سال سے بند پڑی ہیں، پنجاب کابینہ کے دو ممبران نے سبسڈی دینے سے روکا لیکن ان کی نہیں سنی گئی۔
ہائی الرٹ:گجرانوالہ،گجرات،کوٹ مومن،منڈی بھاوالدین،سرگودھاسے منسلک علاقے پرٹڈی دل کے شدید حملے کا خطرہ تفصیلات کے مطابق بھلوال /کوٹمومن /گجرانوالہ / گجرات/سرگودھا اور منڈی بہاوالدین سےمنسلک علاقہ جات ٹڈی دل کے ممکنہ حملے کی زد میں آ سکتے ہیں کروڑوں کی تعداد میں 10 کلومیٹر لمبا لشکر منکیرہ کراس کر چکا ہے تمام لوگ ڈھول, ڈرم, پٹاخے, اور دھواں وغیرہ کا بندوبست کر کے رکھیں اورانکو بجا کر اسکو کہیں بیٹھنے نہ دیں بصورت دیگر فصلوں اور پودوں کا صفایا ہو جائیگا اور بہت نقصان ہوگا۔اس خبر کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں تاکہ لوگ بروقت اقدامات کر سکیں۔
پولیس نے میلسی میں 8 ماہ کی بچی سےمبینہ زیادتی کے ملزم کو گرفتار کرلیا ، ملزم بچی کی والدہ کا قریبی عزیز ہے۔پولیس کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں 8 ماہ کی بچی سےمبینہ زیادتی کرنے والا ملزم بچی کی والدہ کا قریبی عزیز ہے، ملزم نےبچی کو کھلانے کے بہانے سے لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔متاثرہ بچی کو تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ملزم کو گرفتار کرکے واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔
شوگرانکوائری کمیشن نے وزیرِ اعظم عمران خان کو اپنی رپورٹ پیش کر دی، ذرائع نے بتایا ہے کہ شوگر انکوائری رپورٹ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے اور شوگر انکوائری کمیشن کے سربراہ واجد ضیاء کی جانب سے وفاقی کابینہ کو رپورٹ پر بریفنگ دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی کے تحقیقاتی کمیشن کی حتمی رپورٹ میں شوگر ملز مالکان پر ٹیکس چوری کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ 200 سے زائد صفحات پر مشتمل شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے ساتھ شوگر ملز مالکان کے بیانات بھی لگائے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی اندرونی سیکیورٹی اور سلامتی سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں وفاقی بجٹ 12 جون کوپیش کرنے پر بھی بات ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ چینی بحران کی فارنزک رپورٹ جاری کرنے یا نہ کرنے کی منظوری دے گی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ شوگر ملز نے کتنی چینی پیدا کی، کتنی اور کہاں فروخت کی، اس سب کی تفصیلات فرانزک آڈٹ میں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق رپورٹ میں چینی کے بے نامی خریداروں کا ذکر بھی شامل ہے، رپورٹ میں ای سی سی کے فیصلے سے متعلق امور بھی شامل ہیں۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ رپورٹ میں وفاقی حکومت کی جانب سے چینی برآمد کرنے کی اجازت کا ریکارڈ بھی شامل کیا گیا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہےکہ فارنزک آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ چینی مافیا کی جانب سے سٹہ کیسےکھیلا گیا، شوگر انکوائری کی یہ رپورٹ 346 صفحات پر مشتمل ہے۔واضح رہے کہ شوگر انکوائری کمیشن نے 16 مئی کو رپورٹ وزیرِ اعظم کو پیش کرنی تھی تاہم حکومت نے کمیشن کو رپورٹ مکمل کرنے کے لیے مزید 4 روز کی مہلت دی تھی۔وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ملک میں چینی بحران کاسب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیاں اس سے مستفید ہوئیں۔
پاکستان میں بدھ کی شب ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں خود کو پاکستانی فوج کے ایک افسر کی اہلیہ قرار دینے والی ایک خاتون کو سڑک پر ایک اہلکار سے بدکلامی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔اس ویڈیو کے پہلے حصے میں یہ خاتون اہلکار سے کہتی ہیں کہ وہ ایک کرنل کی بیوی ہیں اور انھیں سڑک پر نہیں روکا جا سکتا۔ویڈیو کے دوسرے حصے میں مذکورہ خاتون گاڑی سے اتر کر سڑک پر لگی رکاوٹیں ہٹاتی ہیں اور اہلکار کو برا بھلا کہتے ہوئے وہاں سے روانہ ہو جاتی ہیں۔عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 20 مئی کو شام پانچ بجے کے قریب صوبہ خیبرپختونخوا میں ہزارہ ایکسپریس وے پر مانسہرہ میں پیش آیا جب یہ خاتون مانسہرہ سے شنکیاری کی جانب سفر کر رہی تھیں۔عسکری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ مذکورہ خاتون کے شوہر کا تعلق پاکستانی فوج سے ہے، جو لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر تعینات ہیں۔نامہ نگار کے مطابق عسکری ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ افسر کو بھی ستمبر 2018 میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار سے بدتمیزی کرنے پر فرنٹیئر فورس رجمنٹ سینٹر سے باہر پوسٹ کر دیا گیا تھا۔اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ ’کرنل کی بیوی‘ نہ صرف ٹرینڈ کرنے لگا بلکہ ٹاپ ٹرینڈ بھی بن گیا اور صارفین یہ سوال کرتے نظر آئے ہیں کہ کیا ایک باوردی اہلکار کے ساتھ ایسا رویہ قابل قبول ہے۔صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے خاتون کے رویے کو شرمناک قرار دیا ہے۔صحافی رائے ثاقب کھرل نے لکھا: ’کرنل کی بیگم کی وڈیو دیکھ کر ڈی پی او پاکپتن یاد آ گئے۔ ان کی فورس نے بھی خاتون اول کے سابقہ شوہر کی گاڑی کو روکا تھا۔ ’تم جانتے نہیں میں کون ہوں۔‘رائے ثاقب نے مزید لکھا: ’اجتماعی سوچ ہے اس ملک کی۔ ہم سب کے اندر چھوٹا موٹا قانون کو توڑنے مروڑنے والی سوچ موجود ہے اور اسی کا مظاہرہ ان خاتون نے کیا۔‘زبیر اعوان نامی ایک صارف نے لکھا: ’قابل نفرت اور شرمناک۔ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔ وہ ایک پورے ادارے کو بدنام کر رہی ہیں۔ آرمی کو اپنے دفاتر سے ایسے دماغوں کو نکال دینا چاہیے۔ اس خاتون کو جلد از جلد سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے۔ بہادر پولیس اہلکار کو سلام۔‘علی رضا نامی صارف نے لکھا: ’کرنل کی بیوی نہ تو خود کرنل ہے اور نہ ہی اپنے آپ میں کوئی ادارہ۔ ویڈیو ایک عام شہری کی ہے، جس نے قانون توڑا اور سزا ملنی چاہیے۔‘پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل طارق پرویز نے لکھا: ’مجھے امید ہے کہ قانون کے مطابق اس خاتون کے خلاف کیس درج کیا جائے گا اور انھیں گرفتار کیا جائے گا۔ اپنے شوہر کی طرح نہیں جنھیں پولیس کے ساتھ نامناسب رویے پر ٹرانسفر کر دیا گیا تھا۔‘سوشل میڈیا صارفین جہاں خاتون کے نامناسب رویے پر غصے کا اظہار کرتے رہے، وہیں اپنے فرائض سرانجام دینے والے اہلکار کو بھی سراہا گیا۔منیب مونی نامی ایک صارف نے لکھا: ’قانون کی پاسداری کرنے والے اس پولیس اہلکار کو سلام، یہ میرے ہیرو ہیں۔‘ایک اور صارف نے لکھا: ’میں اس پولیس آفیسر کو اپنے فرائض کی انجام دہی اور سٹیٹس کو، کو چیلنج کرنے پر ان کی ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں۔
محکمہ جنگلی حیات نے عمر کوٹ میں کارروائی کرکے 18 ہرن برآمد کرلیے ہیں۔محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر ہرن رکھنے پر 3 افراد کو گرفتا ر کر لیا گیا ہے۔محکمہ جنگلی حیات نے کہا کہ ملزمان نے دھوکا دینے کے لیے نجی چڑیا گھر کا پر مٹ دکھایا تھا۔محکمہ جنگلی حیات کے مطابق گرفتار کیے گئے تینوں ملزمان کو کل مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
کورونا وائرس کے دوران متحدہ عرب امارات کی اسرائیل کے لیے پہلی پرواز روانہ کر دی گئی۔اماراتی حکام کے مطابق پرواز انسانی بنیاد پر فلسطین میں کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے حفاظتی سامان پہنچانے کے لیے بھیجی گئی جس میں فلسطینی عوام کے لیے طبی امدادی سامان پہنچایا گیا۔اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ انسانی بنیاد پر کارگو فلائٹ 19 مئی کو ابو ظبی سے تل ابیب بھیجی گئی، پرواز میں کوئی مسافر شامل نہیں تھا اور اس میں 14 ٹن سامان پہنچایا گیا۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں امریکی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ گرکر تباہ ہوگیا، حادثے میں پائلٹ محفوظ رہا۔امریکی حکام کے مطابق لڑاکا طیارہ ایف 35 تربیتی پرواز پر تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا۔حکام کا مزید کہنا ہے کہ حادثے میں پائلٹ جان بچانے میں کامیاب رہا۔فوری طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔