خبریں
News from The Pk Media
سوپ پینے سے ایک ہی خاندان کے9 افراد ہلاک
چین کے صوبے ہیلونگجیانگ صوبے میں فریزر میں رکھا نوڈلز سوپ پینے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔نوڈلز سوپ گھر پر تیار کیا گیا تھا اور ایک سال سے فریج میں رکھا تھا، فیملی ممبر نے سوپ فریج سے نکال کر تمام گھر والوں کو پلایا تو ان کی حالت غیر ہوگئی۔متاثرہ افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 7 افراد دوران علاج دم توڑ گئے جبکہ فیملی کے دیگر 2 افراد دو روز قبل چل بسے۔پولیس کے مطابق فیملی 12 افراد پر مشتمل تھی اہلخانہ کے دیگر 3 افراد نے سوپ بدذائقہ ہونے کی وجہ سے اسے پینے سے انکار کردیا تھا جس کے سبب ان کی زندگی بچ گئی۔چینی ہیلتھ کمیشن نے گزشتہ دنوں قومی انتباہ جاری کیا تھا جس میں شہریوں پر زور دیا گیا تھا کہ وہ خمیر شدہ آٹے سے کھانا بنانے یا کھانے سے پرہیز کریں۔
ہزاروں خواتین کی عریاں تصاویر آن لائن شیئر کئے جانیکا انکشاف
ایک نئی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا کی تصویروں سے ایک لاکھ سے زیادہ خواتین کی جعلی عریاں تصاویر تیار کرنے کے بعد آن لائن شیئر کی گئی ہیں۔مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے خواتین کی تصاویر سے کپڑے ڈیجیٹل طریقے سے ہٹا دیے جاتے ہیں اور میسجنگ ایپ ٹیلی گرام پر انہیں پھیلایا جاتا ہے۔انٹیلی جنس کمپنی سینسِٹی کی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جن لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے ان میں سے کچھ بظاہر ’کم عمر‘ ہیں۔لیکن یہ سروس چلانے والوں کا کہنا ہے یہ محض ’تفریح‘ کے لیے کیا گیا ہے۔بی بی سی نے اس سافٹ ویئر کو ٹیسٹ کیا لیکن اس کے نتائج اچھے نہیں تھے۔سینسِٹی کا دعویٰ ہے کہ اس میں جو ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے وہ ’ڈیپ فیک بوٹ‘ ہے۔ ڈیپ فیکس اصل ٹیمپلیٹس کی بنیاد پر کمپیوٹر سے تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز ہوتی ہیں اور اکثر اس کا استعمال مشہور شخصیات کی جعلی فحش ویڈیو بنانے کے لیے کیا جاتا ہے۔لیکن سینسِٹی کے چیف ایگزیکٹو جورجیو پٹرینی نے کہا کہ پرائیویٹ لوگوں کی تصاویر کا استعمال نئی بات ہے۔انھوں نے خبردار کیا کہ اگر آپ تصویروں کے ساتھ سوشل میڈیا اکاؤنٹ رکھتے ہیں تو آپ کو بھی اس کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔مصنوعی ذہانت سے چلنے والا بوٹ، ٹیلی گرام پرائیویٹ میسجنِگ چینل کے اندر ہوتا ہے۔صارف بوٹ کو عورت کی تصویر بھیج سکتے ہیں اور وہ بغیر کسی قیمت کے منٹوں میں ڈیجیٹل طریقے سے اس کے کپڑے ہٹا دے گا۔بی بی سی نے متعدد تصاویر کا تجربہ کیا اور یہ سب رضامندی کے ساتھ ہوا اور ان میں سے کسی کا بھی نتیجہ مکمل طور پر حقیقت پسندانہ نہیں تھا۔پچھلے سال اسی طرح کی ایک ایپ بند کر دی گئی تھی لیکن خیال کیا جاتا ہے کہ اس سافٹ ویئر کے کریکر ورژن کام کر رہے ہیں۔اس سروس کو چلانے والے منتظم جنھیں صرف ’پی‘ کہا جاتا ہے، کا کہنا ہے ’مجھے اس کی پرواہ نہیں، یہ ایسی تفریح ہے جس میں تشدد نہیں۔‘’اس سے کوئی بھی کسی کو بلیک میل نہیں کرے گا کیونکہ اس کا معیار غیر حقیقی ہے۔‘انھوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیم اس بات پر نظر رکھتی ہے کہ کونسی تصاویر شیئیر کی جا رہی ہیں اور ’اگر ہم کسی کم عمر صارف کو دیکھتے تو اسے بلاک کر دیا جاتا ہے۔‘انھوں نے کہا کہ تصویر کو دوسروں کے ساتھ بانٹنا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ اس کا ہوتا ہے، جس نے بوٹ کو اس کی تخلیق کے لیے پہلے استعمال کیا۔انھوں نے مزید کہا ’دنیا میں جنگیں، بیماریاں اور بہت سی بری چیزیں ہیں جو نقصان دہ ہیں‘ تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ جلد ہی تمام تصاویر کو ہٹا دیں گے۔ٹیلیگرام نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا ہے۔
ٹرمپ کے خفیہ چینی بینک اکاؤنٹ کا انکشاف
امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چینی بینک میں خفیہ اکاؤنٹ ہے۔اخبار کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نے ایشیا میں ہوٹل بزنس کے لیے چینی بینک میں اکاؤنٹ کھولا اور اس اکاؤنٹ کے ذریعے انہوں نے ٹیکسوں کی مد میں 2 لاکھ ڈالر تک چین کو ادا کیے۔دوسری جانب امریکا کے سابق صدر اوباما نے ٹرمپ پرکڑی تنقید کی اور فلاڈیلفیامیں ریلی سےخطاب میں کہا کہ تصور کریں میرا چینی بینک میں اکاؤنٹ سامنے آتا اور الیکشن لڑتا تو کیا ہوتا، وہ مجھے چینی چائنیز بیری کےنام سے پکارتے۔براک اوباما نے یہ بھی کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے سازشی خیالات ناقابل برداشت ہیں، ٹرمپ نےصدارت کو رئیلٹی شو سمجھا لیکن اب اُن کی ریٹنگ گرگئی ہے۔اوباما نے کہا کہ ٹرمپ سپورٹ نہ کرنے والوں کی توہین اور دھمکیوں پر اتر آئے ہیں، یہ رویہ صدرکے عہدے کے شایان شان نہیں ہے۔
موٹر وے پولیس نے خاتون کو زیورات لوٹا دیئے
موٹر وے پولیس کی فرض شناسی کا واقعہ سامنے آیا ہے جس نے خاتون مسافر کے گمشدہ زیورات اور فون ڈھونڈ کر اس کے حوالے کر دیا۔موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹر وے پولیس کو خانیوال کے نزدیک بس میں زیوارات کی گمشدگی اطلاع ملی تھی۔موٹر وے پولیس نے مطلوبہ بس کو تلاش کر کے موبائل فون اور گمشدہ زیورات ڈھونڈے اور مذکورہ خاتون کےحوالے کر دیئے۔ماضی میں بھی موٹر وے پولیس کی جانب سے اسی نوعیت کے فرض شناسی کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔
عزیر بلوچ کے دست راست تاجو کو پاکستان لانے کی کوششیں شروع
لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کے دست راست تاج محمد عرف تاجو کو پاکستان لانے کی پولیس نے کوششیں شروع کر دیں۔پولیس ذرائع کے مطابق عزیر بلوچ کے دست راست تاج محمد عرف تاجو کو پاکستان لانے کے لیے کراچی پولیس کے چیف کی جانب سے شہر بھر سے تفصیلات جمع کرنے کے لیے ڈی آئی جیز کو خط لکھ دیا گیا ہے جبکہ تاج محمد عرف تاجو کے ریڈ وارنٹ جاری کردیئے گئے ہیں ،دوسری جانب نیشنل سینٹرل بیورو انٹرپول اسلام آباد کی جانب سے بھی کراچی پولیس کے چیف کو خط لکھا گیاہے،نیشنل سینٹرل بیورو انٹرپول کی جانب سے کراچی پولیس چیف کو لکھے گئے خط میں شہر بھر کے تھانوں سے جرائم کا ریکارڈ جمع کرنے کا کہا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ کی دریا دلی، چرچ کو صرف 3200 روپے چندہ دیا
امریکی صدر ٹرمپ نےدریا دلی کی مثال قائم کی ہے،امریکی میڈیا کے مطابق انہوں نے چرچ کوصرف3200روپے چندہ دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق صدارتی انتخابات میں کامیابی کے لئے ٹرمپ ایک چرچ میں دعا کروانے گئے اور صرف 20ڈالر (تقریبا 3200 روپے پاکستانی)چندہ دیا۔ ٹرمپ نے جیب سے پیسے نکالے اور گن کر 20 ڈالر چندے کے باکس میں ڈالے۔ اس سخاوت پر چرچ کے منتظمین بھی حیران رہ گئے۔
پاکستان کیلئے خوشخبری، ہم درست سمت میں چل نکلے ہیں: عمران خان
وزیرا عظم عمران خان نے پاکستانیوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ ستمبرمیں 73 ملین ڈالر کے سرپلس کیساتھ کرنٹ اکاؤنٹ پہلی سہ ماہی کیلئے 792 ملین ڈالر سرپلس ہوگیا، یہ پاکستان کیلئےعظیم خوشخبری ہے بالآخر ہم درست سمت میں چل نکلے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے حالیہ پیغام میں لکھا کہ پاکستان کیلئےعظیم خوشخبری، بالآخر ہم درست سمت میں چل نکلے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ستمبرمیں 73 ملین ڈالر کے سرپلس کے ساتھ کرنٹ اکاؤنٹ پہلی سہ ماہی کیلئے 792 ملین ڈالر سرپلس ہوگیا۔عمران خان نے کہا کہ گزشتہ برس اسی عرصے میں ایک ہزار 492 ملین ڈالر خسارے کا سامنا تھا۔وزیر اعظم عمران خان نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ ماہ میں برآمدات 29 فیصد بڑھیں جبکہ ترسیلاتِ زر میں 9 فیصد اضافہ ہوا۔
سگریٹ پلانے سے انکار، ملزم نے کلہاڑی سے گردن جدا کر دی
ولیس نے کلہاڑی کے وار سے ہاری کی گردن دھڑ سے جدا کردینے کے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔ ملزم نے پولیس کے سامنے ہاری کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔ڈگری کے گائوں میں ایک شخص نے ہاری سے سگریٹ پلانے کی فرمائش کی۔ انکار پر بوڑھےہاری پر کلہاڑی سے حملہ کرکے اسکی گردن دھڑ سے اتار دی تھی اور سر کٹی لاش ویران و بنجر زمین پر پھینک کر فرار ہو گیا تھا۔پولیس نےچھاپہ مارکر ملزم کو آلہ قتل کلہاڑی سمیت گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او فرمان اگھیم نے قتل کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم کے ساتھ فوری جائے وقوعہ پر پہنچ کر شوائد جمع کرنے کے بعد قاتل کی تلاش شروع کردی. اور قتل میں ملوث ملزم نہال چندکولھی کو آلہ قتل کلہاڑی سمیت چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا۔معلوم ہوا ہے کہ ملزم نے مقتول رائے چند بھیل سے سگریٹ مانگی تھی۔ انکار پر غصے میں آکرملزم نھال چند کولھی نے اسکا سر تن سے جدا کرکےاسے قتل کرڈالا. پولیس نے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مقدمے کا مدعی مفرور ملزم ہے، پولیس
سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر سمیت 200 افراد کے خلاف مزار قائد کے تقدس کی پامالی کا مقدمہ درج کروانے والا وقاص احمد عدالت کو مطلوب نکلا، پولیس نے وقاص احمد پر انسداد دہشت گردی کے تحت ایف آئی آر کی تصدیق کردی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مقدمے کا مدعی وقاص احمد مفرور ملزم ہے، وقاص احمد خان کیخلاف تھانا سپر ہائی وے میں مقدمہ درج ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ وقاص احمد خان کیخلاف انسداد دہشت گردی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج ہے، وقاص احمد و دیگر کیخلاف 25 اگست 2019 کو مقدمہ درج ہوا تھا۔وقاص احمد پر مقدمے میں ہنگامہ آرائی اور کار سرکار میں مداخلت کی بھی دفعات ہیں، پولیس نے احسن آباد میں زمینوں پر ناجائز قبضوں کیخلاف کارروائی کی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی سپریم کورٹ کے حکم پر کرنے گئے تھے، ملزمان نے مزاحمت کی، جبکہ ملزم کیخلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ زیر سماعت ہے۔پولیس کے مطابق وقاص احمد مقدمے میں عدالت سے مفرور ہے، جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان نے عدالت سے ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔واضح رہے کہ مزار قائد بے حرمتی کیس میں ساڑھے 11 گھنٹے گرفتار رہنے کے بعد عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اُنہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ تاہم وقت ختم ہونے کے باعت عدالت نے کیپٹن صفدر کے وکلاء کو مچلکوں کی جگہ ایک لاکھ روپے نقد جمع کرانے کا حکم دے دیا۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پولیس نے آج صبح ہوٹل کے کمرے سے گرفتار کیا تھا۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار کرنے اہلکار ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑ کر اندر آئے، انہیں دوائیں لے جانے کی بھی اجازت نہیں دی گئی، ایک لمحے کے لیے بھی ایسا نہیں لگا یہ سندھ حکومت کی کارروائی ہے۔نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ عدالت سے مفرور شخص کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، کیپٹن صفدر کو پہلے سے دھمکیاں مل رہی تھیں کہ نہیں چھوڑیں گے، وہ یہاں بیٹھی ہیں، ہمت ہے تو گرفتار کرلیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں اور صفدر کراچی سے لاہور ساتھ جائیں گے۔

