پاراچنار میں کئی روز سے جاری دھرنے کے شرکا نے قبائلی عمائدین کی پاک فوج کے سربراہ قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔قبائلی رہنما علامہ مزمل حسین کے مطابق مسائل کے حل کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر پیکج دیا جائے گا اور فائرنگ سے جاں بحق افراد کو شہید پیکج اور سرکاری نوکری دی جائے گی۔اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پارا چنار پہنچے تھے جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں کیں اور جرگے سے خطاب میں دہشت گردی کے پے در پے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پارہ چنار کے مرکزی بازار میں 2 بم دھماکوں میں 75 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
کراچی(اسٹاف رپورٹر ‘ایجنسیاں)عوام کی جانب سےمہنگے پھلوں کے خلاف چلائی گئی مہم کامیابی سے ہمکنار ہوگئی اور عوام نے مہنگے فروٹ نہ خرید کر اپنی طاقت کا لوہا منوالیا ‘ حیدرآباد ‘ سکھر‘لاہور‘ پشاور ‘ اسلام آباد‘ڈیرہ اسماعیل خان‘رحیم یارخان ‘سیالکوٹ اور بہاولپورکے شہری بھی مہم کا حصہ بن گئے ‘حیدرآباد کے شہریوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے مارکیٹ چوک پر احتجاج کیا اور مہنگا فروخت کرنے والوں کی مخالفت میں نعرے بازی کی‘ جمعہ کوکراچی کے بیشتر علاقوں میں پھل فروش گاہکوں کے منتظرنظرآئے ‘جمعہ کی نماز کے بعد مساجد کے باہر اور نماز عصر سے پہلے فروٹ کی خریداری کا جو رش ہوتا تھا وہ بائیکاٹ مہم کے تحت ٹوٹ گیا‘شہریوں نے تین دن کیلئے پھل نہ خریدنےکے فیصلے پر عمل کرکے دکھادیا‘اس مہم کی حمایت سندھ حکومت ، کمشنر کراچی،سیاسی و سماجی رہنمائوں نے بھی کردی ہے اورصوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے بھی اس کی تائید کی ہے‘مذکورہ مہم اتوار4جون تک جاری رہے گی اور اسکا مقصد پھلوں کی قیمتوں کوکم کرنا ہے‘پھل فروشوں کا کہنا ہے کہ رمضان میں پھلوں و سبزیوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے لیکن وہ اپنی ذمہ داری ادا کرنے اورمنڈی میں تھوک فروشوں کو زائد قیمتوں پر پھل بیچنے سے روکنے کی بجائے سارا نزلہ غریب پرچون پھل فروشوں پر گرایا جارہا ہے ، بائیکاٹ کے باوجود پوش علاقوں میں پھل فروشوں نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پھلوں کی قیمتیں کم نہیں کیں اورسیب نیا 200روپے سے 250روپے فی کلو،کیلے120روپے سے 150روپے فی درجن ،خربوزہ 80روپے سے100 روپے فی کلو فروخت کیا تاہم بعض علاقوں میں خریدار نہ ہونے کے باعث پھل فروش دوسرے اور تیسرے درجے کا خربوزہ 100 روپے کا تین کلو فروخت کرتے دکھائی دیئے‘جمعہ کو شہر بھر میں آم کی خریداری نہ ہونے کے برابر تھی کیونکہ سندھڑی آم ترش ہونے کی وجہ سے استعمال کئے جانے کے سبب گلے کے امراض میں اضافہ ہوگیا ہے،دریں اثناء کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا کہ کراچی ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جا نب سے ناجائز منافع خوری اورملاوٹ کے خلاف شہر بھر میں کریک ڈائون جا ری ہے جس کے تحت 270 دکا ند ا ر و ں کا چالان اور7 لاکھ 12ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا‘ کمشنر کراچی نے کہا کہ نا جائز منافع خوروں کو عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت ہر گز نہیںدی جاسکتی ۔کمشنر کراچی نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کی گرانفروشی کو روکنے کے سلسلے میں سبزی منڈی اور پھل منڈی میں رات نیلامی کے اوقات میں انتظامی افسران کی جانب سے نگرانی جا ری ہے۔
راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے مزید 4دہشت گردوں کو پھانسی دیدی گئی۔ دہشتگردی میں ملوث چار مجرمان اپنے انجام کو پہنچ گئے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے مزید 4دہشت گردوں کو مختلف جیلوں میں پھانسی دی گئی، پھانسی پانے والے دہشتگردوں میں احمدعلی،اصغرخان،ہارون رشید،گل رحمان شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے ایک ترجمان کے مطابق چاروں دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے اغواء اور عام شہریوں پر حملوں اور ان کو شہید کرنے کے واقعات سمیت مختلف سنگین نوعیت کے واقعات میں ملوث پائے گئے تھے۔ چاروں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا۔چاروں دہشت گردوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے گئے جہاں دوران سماعت دہشتگردوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا، جس کے بعد ان کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔ واضح رہے کہ فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے دہشت گردوں کو سب سے زیادہ پھانسیاں آپریشن رد الفساد کے دوران دی گئی ہیں، جن کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔گزشتہ ہفتے بھی فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے مزید 4 دہشت گردوں کو پھانسی دی گئی تھی، پھانسی پانے والوں میں بخت امیر، اصغر خان، محمد نواز، اور مشتاق احمد شامل تھے، چاروں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا۔
برسلز (پ۔ر) کشمیری خواتین کے کردار کے حوالے سے یورپی پارلیمنٹ میں دو روزہ پروگرام دس اور گیارہ مئی کو منعقد ہو گا۔ پروگرام کا انعقاد کشمیر کونسل ای یو یورپی پارلیمنٹ کے فرینڈز آف کشمیر گروپ کے تعاون سے کر رہی ہے۔’’جنوبی ایشیاء کے تناظر میں امن اور جمہوریت کے لئے خواتین کی تعلیم‘‘ کے عنوان سے اس دو روزہ پروگرام کے پہلے روز بین الاقوامی کانفرنس ہوگی اور دوسرے روزکو ایک ورکشاپ کے لئے مختص کیاگیاہے۔ پروگرام میں مختلف ملکوں سے اراکین پارلیمنٹ ، انسانی حقوق کے علمبردار، ماہرین اور دانشور شریک ہو رہے ہیں۔اپنے ایک بیان کشمیرکونسل یور پ (ای یو)کے چیئرمین علی رضاسیدنے کہاہے کہ اس پروگرام کا مقصد جنوبی ایشیاء کے تناظر میں خواتین کے کردارکو اجاگرکرناہے۔خاص طورپر متنازعہ علاقے کشمیرمیں خواتین کے کردار کوسامنے لاناہے کہ وہ کس طرح اپنے علاقے میں امن و جمہوریت کے لئے مغربی خواتین کے تجربات سے استفادہ کرسکتی ہیں۔امن اور جمہوریت کے لئے خواتین کاکردار بہت اہم ہے کیونکہ وہ اپنی جدوجہد کے ذریعے معاشرے کو بہتر بنا سکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں خواتین کی بڑی تعدادان لوگوں میں شامل ہے جو اس خطے کی سنگین صورتحال سے متاثرہوئے ہیں۔ ہم کشمیرسمیت دنیا کے ہرخطے میں لوگوں کے حقوق اورخاص طورپران کے حق آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔ امید ہے کہ یہ کانفرنس کشمیرمیں خواتین کے حقوق اور امن و جمہوریت کے لئے ان کے بہتر کردارکو اجاگرکرنے کی جانب اہم قدم ثابت ہو گی۔
سویڈن (کاشف عزیز بھٹہ سے) ملک شہزاد جو کہ سویڈن کی پاکستانی برادری میں اپنی سماجی سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے الگ پہچان رکھتے ہیں اور ہر دل عزیز شخصیت ہیں ان کے بڑے بھائی عمران ملک جو کہ پاکستان وزارت خارجہ میں کام کرتے ہیں اور وہ نوکری کے ساتھ ایک اچھے مصنف بھی ہیں۔پاکستان میں 2005 کے زلزلہ سے کون واقف نہیں اوراس زلزلہ سے ہونے والی تباہ کاری پاکستانی قوم آج تک نہیں بھول سکی۔2005کے زلزلہ کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے حالات اور متاثرین پر معروف مصنف عمران ملک نے زلزلہ پاکستان 2005 کے نام سے کتاب لکھی عمران ملک کی اس کتاب کو پاکستان بھر میں بھرپور پزیرائی ملی اور ان کی اس کاوش کو سراہا گیا۔عمران ملک اس سے پہلے بھی کئی کتابیں تحریر کر چکے ہیں جن میں ان کی ایک مشہور کتاب پاکستان سیلاب کی زد میں کے نام سے بھی ہے۔عمران ملک کی اس صحافتی کاوش کو سامنے رکھتے ہوئے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں نظریہ پاکستان کونسل اسلام آباد کے زیراہتمام ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں عمران ملک سمیت بہترین 10 کتابوں کے مصنفین کو وطن عزیز پاکستان کی غیرمعمولی خدمات پر گولڈ میڈل ایوارڈ 2017سے نوازا گیا۔اس تقریب کے مہمانان خصوصی محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور وزیر اطلاعات محترمہ مریم اورنگزیب تھے جبکہ اس تقریب کی صدارت لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ مشیر برائے قومی سلامتی نے کی۔ملک شہزاد کو ان کے بھائی عمران ملک کی کتاب کو پہلے10 نمبروں میں آنے اور گولڈ میڈل ملنے پر دوست اخباب نے مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نظام آباد (اسلم فاروقی) نظام آباد شہر ترقی کی سمت گامزن ہے۔ ٹی آر ایس حکومت عوامی ضروریات کے کام انجام دے رہی ہے۔ شہر میں تمام بلدیاتی کام انجام دیتے ہوئے اسے بہت جلد اسمارٹ سٹی بنادیا جائے گا۔ جس شہر میں زیر زمین ڈرینیج نہیں ہوگا وہ کیسے اسمارٹ سٹی بنے گا اس لئے میں نظام آباد میں بند پڑے زیر زمین ڈرینیج نظام کو دوبارہ انجام دینے کے کام کو شروع کرایا ہوں اور بودھن روڈ پر بڑے پائپ نصب کرنے کا کام صبح شام چل رہا ہے۔نظام آباد وہ ضلع ہے جہاں روزانہ پینے کا پانی فراہم ہورہا ہے یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ منصوبہ بندی سے کئے گئے کام کی بدولت نظام آباد کو پانی سربراہ کرنے والا ذخیرہ آب علی ساگر پانی سے لبریز ہے اور شدید گرمی ہونے کے باوجود سارے شہر کو وافر مقدار میں پانی سربراہ کیا جارہا ہے جو اگلے کئی ماہ تک جاری رہے گا۔ نظام آباد میں اقلیتوں سے متعلق جو بھی مسائل ہیں انہیں حل کئے جائیں گے۔ پانی کی ٹانکی کالج کی عمارت کا استعمال ہوگا ہم کرائے کی عمارتوں میں اقلیتی مدارس چلا رہے ہیں اگر ضرورت ہو تو اس عمارت میں اقلیتوں کا انگریزی میڈیم اسکول منتقل ہوگا۔نظام آباد میں اردو گھر کی تعمیر کا مطالبہ ہے اردو اکیڈیمی کی عمارت کو ترقی دینے یا کسی اور علاقے میں اردو گھر تعمیر کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی اربن نظام آباد جناب بیگالہ گنیش گپتا نے اقلیتوں اور اردو دانوں سے ملاقات پروگرام کے دوران مالا پلی عقب پانی کی ٹانکی کے قریب اردو کے نامور شاعر جناب جمیل نظام آبادی کے گھر پروگرام سے خطاب کے دوران کیا۔ اس پروگرام کا انتظام ٹی آر یس اقلیتی قائد جناب ظفر خان نے کرایا۔ اقلیتوں اور اردو دانوں کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہا کہ عوام سے ملاقات ہوگی تو عوام کے مسائل معلوم ہوں گے اور عوام کی خدمت کا موقع ملے گا لوگ انتخابات کے بعد رکن اسمبلی سے ملنے میں ناکام رہتے ہیں لیکن میں خود روز اقلیتوں اور دیگر علاقوں میں دورہ کر رہا ہوں اور عوامی مسائل سے آگہی حاصل کر رہا ہوں انہوں نے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نظام آباد میں معیاری سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔ تمام چوراہوں پر ہائی ماسٹ لائٹ ٹاور لگائے جائیں گے۔ شادی مبارک اسکیم میں رقم بڑھادی گئی ہے۔اقلیتی اسکول کامیابی سے چلائے جارہے ہیں ۔مسلمانوں کے لئے 12فیصد تحفظات کا بل پاس کرنا بڑا کارنامہ ہے اسے ہم انجام تک پہونچائیں گے انہوں نے اردو میڈیم اسکولوں پر اساتذہ کے تقررات اردو کو سرکاری زبان بنانے کے اقدامات اور اردو دفاتر اور عمارات پر اردو لکھانے کا تیقن دیا۔ قبل ازیں جناب جمیل نظام آبادی اور دیگر شعرا ور ادیبوں نے رکن اسمبلی جناب بیگالہ گنیش گپتا کی مالا پلی اقلیتی علاقے میں آمد پر خیر مقدم کیا۔ جناب جمیل نظام آبادی نے سب سے پہلے اردو شعرا ادیبوں صحافیوں اور اساتذہ جناب چکر نظام آبادی ‘ تمیم نظام آبادی ‘ ڈاکٹر رضی شطاری ‘شریف اطہر’ اشفاق اصفی’ رحیم قمر صدر ادارہ ادب اسلامی نظام آباد’ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گری راج کالج نظام آباد’ ڈاکٹر جاوید’ ڈاکٹر سمیع امان اور دیگر کا رکن اسمبلی سے تعارف کرایا۔ جناب جمیل نظام آبادی نے رکن اسمبلی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اگلی بار جب وہ یہاں آئیں تو امید ہے کہ ریاستی وزیر ہوں گے۔ انہوں نے شال پوشی اور گلپوشی کے ذریعے رکن اسمبلی کو تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر جمیل نظام آبادی کے افسانوی مجموعے کی رسم اجرا انجام دی گئی۔ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے 12فیصد تحفظات کے بل کی منظوری پر مسلمانوں کی جانب سے حکومت تلنگانہ کا شکریہ ادا کیا انہوں نے مالا پلی کی جونیر کالج عمارت میں کالج کی منتقلی ‘ اردو گھر کی عاجلانہ تعمیر’ نظام آباد پدا پلی کے درمیان تما م ریلوے اسٹیشنوں پر اردو نام کی لکھائی’تمام سرکاردی دفاتر کے بورڈ پر اردو لکھانے’اردو اساتذہ کے تمام پوسٹو ں پر تقررات کو یقینی بنانے اردو کو عملی طور پر سرکاری زبان بنانے کے اقدامات کرنے پر زور دیا انہوں نے تجویز رکھی کہ تلنگانہ میں اردو ماحول کو پروان چڑھانے تلگو میڈیم مدارس میں اردو زبان کی تعلیم کا سلسلہ شروع کیا جائے۔ڈاکٹر سمیع امان نے جمیل نظام آبادی کی چالیس سالہ اردو خدمات کا تعارف پیش کیا جناب ظفر خان نے کہا کہ اقلیتوں کو مال و دولت کی نہیں ترقی کی ضرورت ہے ان کے مسائل کو حکومت حل کرے یہی کافی ہے انہوں نے رکن اسمبلی کی مسلم علاقوں میں آمد کو خوش آئیند قرار دیا۔ جناب چکر نظام آبادی’ڈاکٹر رضی شطاری اور دیگر شعرا نے اشعار کی پیشکشی کے ذریعے رکن اسمبلی کو خراج پیش کیا۔ ڈاکٹر سمیع امان کے شکریے پر اقلیتوں سے ملاقات پروگرام اختتام کو پہونچا بعد میں رکن اسمبلی نے گرلز جونیر کالج کے لئے بنی سرکاری عمارت کا معائنہ کیا اور جلد سے جلد اسے اقلیتوں کے لئے استعمال کا تیقن دیا۔
سٹاک ہوم (کاشف عزیز بھٹہ سے) سویڈن کی معروف سماجی شخصیت مخترمہ فرخ غفور نے سٹاک ہوم سویڈن میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی سے 21 مئی بروز اتوار دن 13:30 سے 17:00 بجے تک ہونے والی The Citizens Foundation کے لئے فنڈ ریزنگ کی تقریب میں شرکت کی اپیل کی ہے۔مخترمہ فرخ غفور جو سویڈن میں پاکستان کی مختلف تنظیمات کیلئے فنڈ ریزنگ کا اہتمام کرتی رہتی ہیں انہوں نے اس باد پاکستان میں تعلیم کیلئے کام کرنے والی تنظیم دی سیٹیزنز فاؤنڈیشن کیلئے فنڈریزنگ کا اہتمام کیا ہے۔دی سیٹیزنز فاؤنڈیشن پاکستان میں تعلیم کیلئے کام کرنے والی تنظیمات میں صف اوّل کی تنظیم ہے جس کے زیر انتظام ملک بھر میں 1441 سکول یونٹس کام کر رہے ہیں جبکہ ان سکول یونٹس میں 204000 بچے زیر تعلیم ہیں۔ 1995میں قائم کی جانے والی یہ نان پرافٹ فاؤنڈیشن جس کی بنیاد پاکستان کے شہریوں کے ایک گروپ کی جانب سے رکھی گئی جنکا مقصد تعلیم کے زریعہ معاشرہ میں مثبت تبدیلی تھا۔مخترمہ فرخ غفورجو اس تقریب کی آرگنائزر بھی ہیں نے سٹاک ہوم میں بسنے والی تمام پاکستانی برادری سسے اپیل کی ہےکہ وہ اس تقریب میں شرکت کریں اورپاکستان میں تعلیم کے فروغ ککیلئے کام کرنے والی اس تنظیم کو فنڈ کر کہ نیکی کے کام میں اپنا خصہ ڈالیں ۔فرخ غفور کے مطابق اس تقریب میں شرکت کیلئے انٹری ٹکٹ رکھا گیا ہے جسکی مالیت 150 کراؤن ہے۔اور 5سے 10سال کی عمر تک کے بچوں کیلئے 100کراؤن انٹری ٹکٹ رکھی گئی ہے۔جبکہ میوزک اور ریفریشمنٹ بھی اس تقریب کا خصہ ہیں۔فرخ غفور نے کہا ہے کہ جو خواتین و خضرات تقریب میں شرکت کیلئے اپنی سیٹ ریزرو کروانا چاہتے ہیں وہ رضوان خان کے درج زیل نمبر 0704930524پر سوش کر سکتے ہیں یا پھر SEB کے بینک اکاؤنٹ میں اپنے نام کے ساتھ پیسے جمع کروا سکتے ہیں اکاؤنٹ نمبر درج زیل ہے(53923380097)جبکہ تقریب بارےمزید معلومات کیلئے آپ تقریب کی آرگنائیزرز فرخ غفور اور مہین سید سے ان کے نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
پیرس (نمائندہ خصوصی) فرانس میں صدارتی انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں جس میں اعتدال پسند امانیئول میکخواں اور انتہائی دائیں بازوں کی ماری لو پین مد مقابل ہیں۔اس صدارتی انتخاب کے لیے چلائی گئی مہم کو مبصرین جدید فرانس کی تاریخ کی متنازع ترین مہم تصور کرتے آئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اتوار کو ہونے والی رائے شماری کے نتائج کچھ بھی ہوں یہ یورپ کے ساتھ فرانس کے ایک نئے راستے کا آغاز ہو گا۔انتخابی مہم کے اختتام پر جاری کیے گئے رائے عامہ کے جائزوں میں میکخواں کو 62 فیصد رائے دہندگان کی حمایت حاصل ہونے سے حریف لو پین پر بھاری اکثریت ظاہر کی گئی ہے۔لوپین تارکین وطن کی مخالف اور کٹڑ قوم پرست ہیں اور رائے عامہ میں ان کے لیے 38 فیصد لوگوں کی حمایت بتائی گئی ہے۔فرانس کی حالیہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ووٹرز ایسے انتخاب میں رائے کا اظہار کر رہے ہیں جس میں روایتی طور پر اسٹیبلشمنٹ کے حمایت یافتہ امیدوار شامل نہیں ہیں۔میکخواں تجارت و کاروبار کے فروغ اور یورپی یونین کا حصہ بنے رہنے کے حامی ہیں جب کہ لوپین فرانس کے یورپی یونین کے انخلا کی حامی اور تارکین وطن خصوصاً مسلمان ملکوں سے آنے والوں کے داخلے پر پابندی کی وکالت کرتی آ رہی ہیں۔صدارتی انتخاب کے لیے لگ بھگ 67 ہزار پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جہاں سے پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے سے شروع ہو کر شام تک جاری رہے گا۔حالیہ دہشت گرد واقعات کے تناظر میں انتخابات کے موقع پر سکیورٹی انتہائی سخت ہے اور پچاس ہزار سے زائد اضافی پولیس اہلکاروں کے علاوہ ہزاروں فوجی بھی مختلف مقامات پر تعینات کیے گئے ہیں۔
لاہور (خصوصی نمائندہ) سانحہ گلشن اقبال پارک میں دھماکے کے بعد دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں تیزی آ گئی ۔ انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ۔ چوبیس گھنٹے کے دوران 5 بڑے دہشت گرد مارے گئے ۔ لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں سرچ آپریشن کے دوران شناختی کوائف کی عدم دستیابی پرتیئس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ سانحہ گلشن اقبال پارک کے بعد وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی خصوصی ہدایات پر دہشت گردوں کے خلاف پنجاب بھر میں آپریشن میں تیزی آ گئی ہے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران انتہائی مطلوب 5 دہشت گرد مظفر گڑھ اور راجن پور میں مارے گئے ۔ صوبے کے مختلف حصوں میں بھی آپریشن تیز کر دیا گیا ہے ۔ حساس اداروں ، پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کئے ۔ پچھلے ایک ہفتے کے دوران جنوبی پنجاب میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔ ایک ماہ میں مارے جانے والے انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی کل تعداد 30 ہو گئی ہے ۔ مختلف کارروائیوں میں 67 سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد مختلف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے ۔ لاہور اور گرد و نواح میں مشترکہ آپریشن کے دوران 15 افراد جبکہ لاہور کے علاقہ علامہ اقبال ٹاؤن میں سرچ آپریشن کے دوران شناختی کوائف کی عدم دستیابی پر 23 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ۔ پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران شہریوں کے شناختی کوائف اور مشکوک گاڑیوں کو بھی چیک کیا گیا ۔
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنزپی آئی اے نے گزشتہ 10 سال میں 60 ارب 72 کروڑ روپے سے زائد کاریونیو حاصل کیا جس میں عالمی سطح سے 58 ارب 22 کروڑ 60 لاکھ اوراندرون ملک سے2 ارب 50 کروڑ 10 لاکھ روپے کاریونیو حاصل کیاگیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے 2006 میں 6 ارب 26 کروڑ 20 لاکھ عالمی سطح سے ریونیوحاصل کیا اورانٹرنیشنل مارکیٹ شیئرز61فیصدتھاجبکہ اندرون ملک سے 18کروڑ 60 لاکھ کاریونیوحاصل کیااور مارکیٹ شیئرز 90 فیصد تھے۔2007میں5ارب63 کروڑ کاریونیوعالمی سطح سے حاصل کیا اور مارکیٹ شیئرز 58 فیصد تھے جبکہ اندرون ملک سے 22 کروڑ 20 لاکھ کا ریونیو حاصل کیا اور مارکیٹ شیئرز 88 فیصد تھے۔2008 میں 6 ارب 17 کروڑ 20 لاکھ روپے انٹرنیشنل سطح سے ریونیو حاصل کیا اور مارکیٹ شیئرز 56 فیصدتھے جبکہ اندرون ملک سے 24 کروڑ 50 لاکھ روپے ریونیوحاصل کیا جبکہ مارکیٹ سیئرز 85 فیصد تھے۔2014 میں 4 ارب 45 کروڑ 10 لاکھ بین الاقوامی سطح سے ریونیو حاصل کیا اور مارکیٹ شیئرز 30 فیصدتھے ۔ 2015میں 3 ارب 58 کروڑ 20 لاکھ بین الاقوامی سطح سے ریونیو حاصل کیا اور مارکیٹ شیئرز 22 فیصد تھے جبکہ اندرون ملک سے 29 کروڑ 50 لاکھ کا ریونیو حاصل کیا اور مارکیٹ شیئرز 73 فیصد تھا۔