پاکستان کی معروف اداکارہ ایمن اور اداکار منیب بٹ گزشتہ ہفتے نکاح کے بندھن میں بندھ گئے جس کے بعد سے ان کی شادی کی دیگر تقریبات کا سلسلہ شروع ہوا اور یہ سلسلہ اب اتنا طویل ہوگیا ہے کہ انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور نا صرف یہ بلکہ اُن پر لطیفے بھی بنائے جارہے ہیں۔ایمن اور منیب کی شادی کی رسمیں گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری ہیں، ان کی رسومات کا آغاز برائیڈل شاورسے ہوا اس کے بعد ایمن کی سالگرہ پھر نکاح، ڈھولکی، شادی کی پارٹی، پری مہندی، مہندی، پری بارات اورنہ جانے کون کون سی تقریبات کی گئی ہیں اور اب بھی ان کی شادی باقی ہے۔انسٹاگرام، فیس بک اور ٹوئٹر سمیت تمام سوشل میڈیا سائٹس صرف ایمن اور منیب کی شادی کی تقریبات کی تصاویر سے بھری پڑی ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین بھی برس پڑے ہیں اور اُنہیں شادی پر پانی کی طرح پیسہ بہانے پر سوشل میڈیا پرشدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ایک سوشل میڈیا صارف نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ دنیا ختم ہوجانی ہے پر ان دونوں کی شادی نہیں۔‘ جس کے جواب میں اسماء نامی ٹوئٹر صارف نے کہا کہ ’شکر ہے کسی نے توکہا، دنیا ختم ہوجائے گی لیکن ان کی شادی کی تقریبات کبھی ختم نہیں ہوں گی۔‘ارم نامی ٹوئٹر صارف نے ایمن منال کی تصویر کے ساتھ لکھا کہ ’بس کردو بس‘ایک نے کہا کہ وہ ایمن اور منیب کی شادی سے تنگ آگئی ہیں۔ایک صارف نےان کی تمام رسومات کی فہرست بناکر ساتھ میں لکھا کہ’ بس کردو، ہمیں معلوم ہے کہ آپ دونوں کے پاس بہت پیسہ ہے۔ کسی غریب کو بھی کھانا کھلا دو یتیم کھانے جاکر اور وغیرہ۔‘کچھ لوگ اس طویل اور بے انتہا لمبی شادی سے اس حد تک تنگ آچکے ہیں کہ انہوں نے شادی کو بھارتی ڈراموں سے تشبیہ دے دی جو ختم ہونے کانام ہی نہیں لے رہی۔یہاں تک کہ معروف یوٹیوبر زید علی نے بھی اس شادی کو ٹیسٹ میچ قراردیا بعد ازاں انہوں نے اپنا کمنٹ ڈیلیٹ کردیا۔کچھ صارفین نے لکھا دونوں بہنیں بے حساب پیسہ کماچکی ہیں اب سمجھ نہیں آرہا کہاں خرچ کریں، حد ہے فضول خرچی کی ڈیم فنڈ میں ہی دے دیتیں کیونکہ پانی تو یہ لوگ بھی استعمال کرتی ہیں۔