پارا چنار (نمائندہ خصوآصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی کوششوں سے پارا چنار کے قبائلی عمائدین نے گزشتہ جمعہ سے جاری دھرنا ختم کر دیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارہ چنار کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔اس موقع پر مقامی قبائلی عمائدین نے دھرنا ختم کرنے سے متعلق اپنے مطالبات بھی پیش کیے جس پر آرمی چیف نے علاقے کی سیکیورٹی سے متعلق مطالبات پر فوری طور پر عمل کرنے کا حکم دیا جس کے بعد قبائلی عمائدین نے دھرنا ختم کر دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پارا چنار کے بازار میں عین اس وقت یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے تھے جب لوگوں کی بڑی تعداد عید کی خریداری میں مصروف تھی جس میں 75 افراد جاں بحق اور100 کے قریب زخمی ہوئے تھے جس کے بعد متاثرین اور مقامی عمائدین نے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دے دیا تھا۔
نوشہروفیروز (نمائندہ خصوصی) آصف زرداری نے نوشہرو فیروز میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم پر تنقید کے خوب تیر برسائے۔ سابق صدر نے کہا کہ میاں صاحب کو اب پتہ چلا کہ احتساب کیا ہوتا ہے۔انہوں نے انہیں پیپلز پارٹی کا احتساب بھی یاد دلایا، ساتھ ہی ساتھ کپتان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ پانامہ کیس نے میاں برادران کے اوسان خطا کر دیئے ہیں، پنجاب کے لوگ آصف زرداری کا انتظار کر رہے ہیں۔
احمد پور شرقیہ (نمائندہ خصوصی) احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر کے حادثے کے بعد علاقے میں سوگ، ہر چہرے پر اداسی اور افسردگی چھائی ہوئی ہے۔آئل ٹینکر کی آگ سے جل کر جاں بحق افراد کے جنازے اٹھے تو ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ادھر انتظامیہ نے حادثے میں تباہ موٹر سائیکلیں، کاریں اور رکشے کا ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے، جبکہ ہائی وے کا ایک حصہ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔دوسری جانب خوفناک آگ میں جلنے والوں کے اعضا ابھی تک قریبی کھیتوں میں پڑے ہیں۔ انتظامیہ نے ابھی تک انسانی اعضا کو اکٹھا کرنے کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔خیال رہے کہ احمد پور شرقیہ میں اس وقت قیامت ٹوٹی جب حادثے کا شکار آئل ٹینکر سے لوگ پٹرول جمع کرنے میں مصروف تھے کہ ایک چنگاری نے سب کچھ جلا کر راکھ دیا۔
احمد پور شرقیہ (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سانحہ احمد پور شرقیہ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے جائے حادثہ پر پہنچ گئے ۔ اس موقع پر ان کے ساتھ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف بھی موجود تھے ۔ وزیر اعظم سانحہ احمد پور شرقیہ کی اطلاع ملتے ہی ہنگامی بنیادوں پر دورہ لندن مختصر کر کے وطن واپس آئے تھے۔وزیر اعظم کو احمد پور شرقیہ پہنچنے پر سانحہ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعظم نے سانحہ کے متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا اور انہیں یقین دلایا کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت انہیں اکیلا نہیں چھوڑے گی۔اس موقع پر متاثرین اور ان کے لواحقین سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ 140 افراد اللہ کو پیارے ہوئے جبکہ 127 ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن کو بہترین طبی سہولیات دی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ احمد پور شرقیہ کی انتظامیہ ، 1122 ، افواج پاکستان سب فعال ہیں ۔ میں نے سانحے کی اطلاع ملتے ہی آرمی چیف کو فون کیا اور اس کے فوری بعد تین ہیلی کاپٹر امدادی کاموں کیلئے جائے حادثہ پر پہنچے ۔ ان امدادی کاموں میں جتنے افراد نے حصہ لیا میں ان کا مشکور ہوں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جن کے پیارے آگ میں جھلس گئے اس کو امدادی رقوم کے چیک دینا ان کے دکھوں کی تلافی نہیں ہے مگر ہم ان لوگوں کی مالی مشکلات میں کمی کرنا چاہتے ہیں ۔ شہباز شریف نے کہا کہ سانحے میں جل جانے والی لاشوں کے فرانزک سائنسز ڈی این اے ٹیسٹ کرے گا جس سے ان کی شناخت ہوسکے گی ۔اب جتنی لاشیں شناخت ہوچکی ہیں ان کو دفنایا جا رہا ہے ۔ ٹیسٹ کے بعد جتنی لاشوں کی شناخت ہوگئی ان کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا ۔ اسی طرح حادثے کے زخمیوں کو 10 لاکھ جبکہ جاں بحق کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے دیں گے اور اگر اس علاقے کے نوجوانوں کو روزگار کے حوالے سے مسائل ہیں تو انہیں روزگار بھی دیا جائے گا ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پر لواحقین سے دلی ہمدردی ہے ، اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ شہیدوں کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے ۔ وزیر اعظ٘م نے کہا کہ ہمیں اور پوری قوم کو اس واقعہ پر دکھ ہے ، میں نے اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو ہدایات جاری کیں کہ وہ خود انتظامات کی نگرانی کریں اور انہوں نے ایسا ہی کیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم اس وقت قومی سطح پر کئی مسائل سے دوچار ہیں جن میں معیشت اور لوڈشیڈنگ سب سے اہم ہیں ۔ ہماری کوشش ہے کہ بہت جلد ملک سے ان دونوں مسائل کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے تاکہ ایک بار پھر نوجوانوں کو روزگار کی سہولت میسر ہو ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ اس سانحے کی مکمل انکوائری کروائی جائے گی اور اگر تیل لے جانے والی کمپنی کی اس معاملے میں کوئی کوتاہی ثابت ہوئی تو اس میں کسی قسم کی نرمی اور درگزر سے کام نہیں لیا جائے گا۔
کراچی(اسٹاف رپورٹر ‘ایجنسیاں)عوام کی جانب سےمہنگے پھلوں کے خلاف چلائی گئی مہم کامیابی سے ہمکنار ہوگئی اور عوام نے مہنگے فروٹ نہ خرید کر اپنی طاقت کا لوہا منوالیا ‘ حیدرآباد ‘ سکھر‘لاہور‘ پشاور ‘ اسلام آباد‘ڈیرہ اسماعیل خان‘رحیم یارخان ‘سیالکوٹ اور بہاولپورکے شہری بھی مہم کا حصہ بن گئے ‘حیدرآباد کے شہریوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے مارکیٹ چوک پر احتجاج کیا اور مہنگا فروخت کرنے والوں کی مخالفت میں نعرے بازی کی‘ جمعہ کوکراچی کے بیشتر علاقوں میں پھل فروش گاہکوں کے منتظرنظرآئے ‘جمعہ کی نماز کے بعد مساجد کے باہر اور نماز عصر سے پہلے فروٹ کی خریداری کا جو رش ہوتا تھا وہ بائیکاٹ مہم کے تحت ٹوٹ گیا‘شہریوں نے تین دن کیلئے پھل نہ خریدنےکے فیصلے پر عمل کرکے دکھادیا‘اس مہم کی حمایت سندھ حکومت ، کمشنر کراچی،سیاسی و سماجی رہنمائوں نے بھی کردی ہے اورصوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے بھی اس کی تائید کی ہے‘مذکورہ مہم اتوار4جون تک جاری رہے گی اور اسکا مقصد پھلوں کی قیمتوں کوکم کرنا ہے‘پھل فروشوں کا کہنا ہے کہ رمضان میں پھلوں و سبزیوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے لیکن وہ اپنی ذمہ داری ادا کرنے اورمنڈی میں تھوک فروشوں کو زائد قیمتوں پر پھل بیچنے سے روکنے کی بجائے سارا نزلہ غریب پرچون پھل فروشوں پر گرایا جارہا ہے ، بائیکاٹ کے باوجود پوش علاقوں میں پھل فروشوں نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پھلوں کی قیمتیں کم نہیں کیں اورسیب نیا 200روپے سے 250روپے فی کلو،کیلے120روپے سے 150روپے فی درجن ،خربوزہ 80روپے سے100 روپے فی کلو فروخت کیا تاہم بعض علاقوں میں خریدار نہ ہونے کے باعث پھل فروش دوسرے اور تیسرے درجے کا خربوزہ 100 روپے کا تین کلو فروخت کرتے دکھائی دیئے‘جمعہ کو شہر بھر میں آم کی خریداری نہ ہونے کے برابر تھی کیونکہ سندھڑی آم ترش ہونے کی وجہ سے استعمال کئے جانے کے سبب گلے کے امراض میں اضافہ ہوگیا ہے،دریں اثناء کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا کہ کراچی ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جا نب سے ناجائز منافع خوری اورملاوٹ کے خلاف شہر بھر میں کریک ڈائون جا ری ہے جس کے تحت 270 دکا ند ا ر و ں کا چالان اور7 لاکھ 12ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا‘ کمشنر کراچی نے کہا کہ نا جائز منافع خوروں کو عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت ہر گز نہیںدی جاسکتی ۔کمشنر کراچی نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کی گرانفروشی کو روکنے کے سلسلے میں سبزی منڈی اور پھل منڈی میں رات نیلامی کے اوقات میں انتظامی افسران کی جانب سے نگرانی جا ری ہے۔
راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے مزید 4دہشت گردوں کو پھانسی دیدی گئی۔ دہشتگردی میں ملوث چار مجرمان اپنے انجام کو پہنچ گئے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے مزید 4دہشت گردوں کو مختلف جیلوں میں پھانسی دی گئی، پھانسی پانے والے دہشتگردوں میں احمدعلی،اصغرخان،ہارون رشید،گل رحمان شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے ایک ترجمان کے مطابق چاروں دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے اغواء اور عام شہریوں پر حملوں اور ان کو شہید کرنے کے واقعات سمیت مختلف سنگین نوعیت کے واقعات میں ملوث پائے گئے تھے۔ چاروں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا۔چاروں دہشت گردوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے گئے جہاں دوران سماعت دہشتگردوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا، جس کے بعد ان کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔ واضح رہے کہ فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے دہشت گردوں کو سب سے زیادہ پھانسیاں آپریشن رد الفساد کے دوران دی گئی ہیں، جن کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔گزشتہ ہفتے بھی فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے مزید 4 دہشت گردوں کو پھانسی دی گئی تھی، پھانسی پانے والوں میں بخت امیر، اصغر خان، محمد نواز، اور مشتاق احمد شامل تھے، چاروں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا۔
لاہور (خصوصی نمائندہ) سانحہ گلشن اقبال پارک میں دھماکے کے بعد دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں تیزی آ گئی ۔ انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ۔ چوبیس گھنٹے کے دوران 5 بڑے دہشت گرد مارے گئے ۔ لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں سرچ آپریشن کے دوران شناختی کوائف کی عدم دستیابی پرتیئس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ سانحہ گلشن اقبال پارک کے بعد وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی خصوصی ہدایات پر دہشت گردوں کے خلاف پنجاب بھر میں آپریشن میں تیزی آ گئی ہے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران انتہائی مطلوب 5 دہشت گرد مظفر گڑھ اور راجن پور میں مارے گئے ۔ صوبے کے مختلف حصوں میں بھی آپریشن تیز کر دیا گیا ہے ۔ حساس اداروں ، پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کئے ۔ پچھلے ایک ہفتے کے دوران جنوبی پنجاب میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔ ایک ماہ میں مارے جانے والے انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی کل تعداد 30 ہو گئی ہے ۔ مختلف کارروائیوں میں 67 سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد مختلف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے ۔ لاہور اور گرد و نواح میں مشترکہ آپریشن کے دوران 15 افراد جبکہ لاہور کے علاقہ علامہ اقبال ٹاؤن میں سرچ آپریشن کے دوران شناختی کوائف کی عدم دستیابی پر 23 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ۔ پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران شہریوں کے شناختی کوائف اور مشکوک گاڑیوں کو بھی چیک کیا گیا ۔
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنزپی آئی اے نے گزشتہ 10 سال میں 60 ارب 72 کروڑ روپے سے زائد کاریونیو حاصل کیا جس میں عالمی سطح سے 58 ارب 22 کروڑ 60 لاکھ اوراندرون ملک سے2 ارب 50 کروڑ 10 لاکھ روپے کاریونیو حاصل کیاگیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے 2006 میں 6 ارب 26 کروڑ 20 لاکھ عالمی سطح سے ریونیوحاصل کیا اورانٹرنیشنل مارکیٹ شیئرز61فیصدتھاجبکہ اندرون ملک سے 18کروڑ 60 لاکھ کاریونیوحاصل کیااور مارکیٹ شیئرز 90 فیصد تھے۔2007میں5ارب63 کروڑ کاریونیوعالمی سطح سے حاصل کیا اور مارکیٹ شیئرز 58 فیصد تھے جبکہ اندرون ملک سے 22 کروڑ 20 لاکھ کا ریونیو حاصل کیا اور مارکیٹ شیئرز 88 فیصد تھے۔2008 میں 6 ارب 17 کروڑ 20 لاکھ روپے انٹرنیشنل سطح سے ریونیو حاصل کیا اور مارکیٹ شیئرز 56 فیصدتھے جبکہ اندرون ملک سے 24 کروڑ 50 لاکھ روپے ریونیوحاصل کیا جبکہ مارکیٹ سیئرز 85 فیصد تھے۔2014 میں 4 ارب 45 کروڑ 10 لاکھ بین الاقوامی سطح سے ریونیو حاصل کیا اور مارکیٹ شیئرز 30 فیصدتھے ۔ 2015میں 3 ارب 58 کروڑ 20 لاکھ بین الاقوامی سطح سے ریونیو حاصل کیا اور مارکیٹ شیئرز 22 فیصد تھے جبکہ اندرون ملک سے 29 کروڑ 50 لاکھ کا ریونیو حاصل کیا اور مارکیٹ شیئرز 73 فیصد تھا۔
لاہور (خصوصی نمائندہ) عمران خان نے اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سعید احمد پر الزامات لگائے تو وہ بھی اپنی صفائی میں میدان میں اتر آئے۔ سعید احمد کا کہنا تھا کہ ان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔ عمران خان کے پاس دستاویزات ہیں تو دکھائیں۔سعید احمد نے کہا کہ پاکستان میں جس کا دل چاہتا ہے کسی کی پگڑی اچھال دیتا ہے، اپنا نام کلیئر کرانے کیلئے قانونی چارہ جوئی کر سکتے ہیں۔ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار ان کے دوست ہیں، جیل میں بند شخص سے کسی بھی قسم کی تحریر لی جا سکتی ہے۔
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم کی لیگل ٹیم نے پاناما لیکس کی انکوائری کے لئے ضوابط کار (ٹرمز آف ریفرنسز ) میں تبدیلی اور قانون سازی کے معاملے پر اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا، حزب اختلاف کے ساتھ مذاکرات کر کے نئے ضوابط کار پر متفق ہو کر انکوائری کمیشن قائم کرنے کے لیے چیف جسٹس کو دوبارہ خط لکھنے کے علاوہ خصوصی قانون کے تحت خصوصی انکوائری کمیشن بھی بنایا جاسکتا ہے۔مستند ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لیگل ٹیم نے آئین اور مروجہ قوانین کے اندر رہتے ہوئے پانامہ لیکس میں شامل پاکستانیوں، تارکین وطن اور پاکستانی نژاد افراد کے بارے میں انکوائری کے معاملے پر حزب اختلاف کے اتفاق رائے سے نئے ٹی او آرز کے ساتھ چیف جسٹس کو انکوائری کمیشن ایکٹ مجریہ 1956 کے تحت دوبارہ خط لکھنے یا خصوصی قانون کے تحت خصوصی کمیشن بنانے سے اتفاق کیا ہے اور اس ضمن میں آج وزیر اعظم کو بریفنگ دے جائے گی۔