ہائی الرٹ:گجرانوالہ،گجرات،کوٹ مومن،منڈی بھاوالدین،سرگودھاسے منسلک علاقے پرٹڈی دل کے شدید حملے کا خطرہ تفصیلات کے مطابق بھلوال /کوٹمومن /گجرانوالہ / گجرات/سرگودھا اور منڈی بہاوالدین سےمنسلک علاقہ جات ٹڈی دل کے ممکنہ حملے کی زد میں آ سکتے ہیں کروڑوں کی تعداد میں 10 کلومیٹر لمبا لشکر منکیرہ کراس کر چکا ہے تمام لوگ ڈھول, ڈرم, پٹاخے, اور دھواں وغیرہ کا بندوبست کر کے رکھیں اورانکو بجا کر اسکو کہیں بیٹھنے نہ دیں بصورت دیگر فصلوں اور پودوں کا صفایا ہو جائیگا اور بہت نقصان ہوگا۔اس خبر کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں تاکہ لوگ بروقت اقدامات کر سکیں۔
پولیس نے میلسی میں 8 ماہ کی بچی سےمبینہ زیادتی کے ملزم کو گرفتار کرلیا ، ملزم بچی کی والدہ کا قریبی عزیز ہے۔پولیس کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں 8 ماہ کی بچی سےمبینہ زیادتی کرنے والا ملزم بچی کی والدہ کا قریبی عزیز ہے، ملزم نےبچی کو کھلانے کے بہانے سے لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔متاثرہ بچی کو تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ملزم کو گرفتار کرکے واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔
شوگرانکوائری کمیشن نے وزیرِ اعظم عمران خان کو اپنی رپورٹ پیش کر دی، ذرائع نے بتایا ہے کہ شوگر انکوائری رپورٹ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے اور شوگر انکوائری کمیشن کے سربراہ واجد ضیاء کی جانب سے وفاقی کابینہ کو رپورٹ پر بریفنگ دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی کے تحقیقاتی کمیشن کی حتمی رپورٹ میں شوگر ملز مالکان پر ٹیکس چوری کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ 200 سے زائد صفحات پر مشتمل شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے ساتھ شوگر ملز مالکان کے بیانات بھی لگائے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی اندرونی سیکیورٹی اور سلامتی سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں وفاقی بجٹ 12 جون کوپیش کرنے پر بھی بات ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ چینی بحران کی فارنزک رپورٹ جاری کرنے یا نہ کرنے کی منظوری دے گی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ شوگر ملز نے کتنی چینی پیدا کی، کتنی اور کہاں فروخت کی، اس سب کی تفصیلات فرانزک آڈٹ میں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق رپورٹ میں چینی کے بے نامی خریداروں کا ذکر بھی شامل ہے، رپورٹ میں ای سی سی کے فیصلے سے متعلق امور بھی شامل ہیں۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ رپورٹ میں وفاقی حکومت کی جانب سے چینی برآمد کرنے کی اجازت کا ریکارڈ بھی شامل کیا گیا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہےکہ فارنزک آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ چینی مافیا کی جانب سے سٹہ کیسےکھیلا گیا، شوگر انکوائری کی یہ رپورٹ 346 صفحات پر مشتمل ہے۔واضح رہے کہ شوگر انکوائری کمیشن نے 16 مئی کو رپورٹ وزیرِ اعظم کو پیش کرنی تھی تاہم حکومت نے کمیشن کو رپورٹ مکمل کرنے کے لیے مزید 4 روز کی مہلت دی تھی۔وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ملک میں چینی بحران کاسب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیاں اس سے مستفید ہوئیں۔
پاکستان میں بدھ کی شب ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں خود کو پاکستانی فوج کے ایک افسر کی اہلیہ قرار دینے والی ایک خاتون کو سڑک پر ایک اہلکار سے بدکلامی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔اس ویڈیو کے پہلے حصے میں یہ خاتون اہلکار سے کہتی ہیں کہ وہ ایک کرنل کی بیوی ہیں اور انھیں سڑک پر نہیں روکا جا سکتا۔ویڈیو کے دوسرے حصے میں مذکورہ خاتون گاڑی سے اتر کر سڑک پر لگی رکاوٹیں ہٹاتی ہیں اور اہلکار کو برا بھلا کہتے ہوئے وہاں سے روانہ ہو جاتی ہیں۔عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 20 مئی کو شام پانچ بجے کے قریب صوبہ خیبرپختونخوا میں ہزارہ ایکسپریس وے پر مانسہرہ میں پیش آیا جب یہ خاتون مانسہرہ سے شنکیاری کی جانب سفر کر رہی تھیں۔عسکری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ مذکورہ خاتون کے شوہر کا تعلق پاکستانی فوج سے ہے، جو لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر تعینات ہیں۔نامہ نگار کے مطابق عسکری ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ افسر کو بھی ستمبر 2018 میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار سے بدتمیزی کرنے پر فرنٹیئر فورس رجمنٹ سینٹر سے باہر پوسٹ کر دیا گیا تھا۔اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ ’کرنل کی بیوی‘ نہ صرف ٹرینڈ کرنے لگا بلکہ ٹاپ ٹرینڈ بھی بن گیا اور صارفین یہ سوال کرتے نظر آئے ہیں کہ کیا ایک باوردی اہلکار کے ساتھ ایسا رویہ قابل قبول ہے۔صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے خاتون کے رویے کو شرمناک قرار دیا ہے۔صحافی رائے ثاقب کھرل نے لکھا: ’کرنل کی بیگم کی وڈیو دیکھ کر ڈی پی او پاکپتن یاد آ گئے۔ ان کی فورس نے بھی خاتون اول کے سابقہ شوہر کی گاڑی کو روکا تھا۔ ’تم جانتے نہیں میں کون ہوں۔‘رائے ثاقب نے مزید لکھا: ’اجتماعی سوچ ہے اس ملک کی۔ ہم سب کے اندر چھوٹا موٹا قانون کو توڑنے مروڑنے والی سوچ موجود ہے اور اسی کا مظاہرہ ان خاتون نے کیا۔‘زبیر اعوان نامی ایک صارف نے لکھا: ’قابل نفرت اور شرمناک۔ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔ وہ ایک پورے ادارے کو بدنام کر رہی ہیں۔ آرمی کو اپنے دفاتر سے ایسے دماغوں کو نکال دینا چاہیے۔ اس خاتون کو جلد از جلد سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے۔ بہادر پولیس اہلکار کو سلام۔‘علی رضا نامی صارف نے لکھا: ’کرنل کی بیوی نہ تو خود کرنل ہے اور نہ ہی اپنے آپ میں کوئی ادارہ۔ ویڈیو ایک عام شہری کی ہے، جس نے قانون توڑا اور سزا ملنی چاہیے۔‘پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل طارق پرویز نے لکھا: ’مجھے امید ہے کہ قانون کے مطابق اس خاتون کے خلاف کیس درج کیا جائے گا اور انھیں گرفتار کیا جائے گا۔ اپنے شوہر کی طرح نہیں جنھیں پولیس کے ساتھ نامناسب رویے پر ٹرانسفر کر دیا گیا تھا۔‘سوشل میڈیا صارفین جہاں خاتون کے نامناسب رویے پر غصے کا اظہار کرتے رہے، وہیں اپنے فرائض سرانجام دینے والے اہلکار کو بھی سراہا گیا۔منیب مونی نامی ایک صارف نے لکھا: ’قانون کی پاسداری کرنے والے اس پولیس اہلکار کو سلام، یہ میرے ہیرو ہیں۔‘ایک اور صارف نے لکھا: ’میں اس پولیس آفیسر کو اپنے فرائض کی انجام دہی اور سٹیٹس کو، کو چیلنج کرنے پر ان کی ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں۔
محکمہ جنگلی حیات نے عمر کوٹ میں کارروائی کرکے 18 ہرن برآمد کرلیے ہیں۔محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر ہرن رکھنے پر 3 افراد کو گرفتا ر کر لیا گیا ہے۔محکمہ جنگلی حیات نے کہا کہ ملزمان نے دھوکا دینے کے لیے نجی چڑیا گھر کا پر مٹ دکھایا تھا۔محکمہ جنگلی حیات کے مطابق گرفتار کیے گئے تینوں ملزمان کو کل مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پاکستان میں چینی کے بحران کی تحقیقات کرنے والے انکوائری کمشن نے حتمی رپورٹ تیار کرلی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیشن کے سربراہ واجد ضیاء کل رپورٹ وفاقی حکومت کو پیش کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ دو سو سے زائد صفحات کی رپورٹ کے ساتھ شوگر ملز مالکان کے بیانات لگائے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ کی پرنٹنگ کا کام جاری ہے، پرنٹر خراب ہونے پر نیا پرنٹر بھی منگوالیا گیا ہے۔چینی رپورٹ میں اہم شخصیات پر ٹیکس چوری کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ رپورٹ میں ٹیکس چوری پر کارروائی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
لاہور کے علاقے گلشن راوی میں عمر رسیدہ بھائی اور بہن پراسرار طور پر انتقال کر گئے۔دونوں بہن بھائی کی لاشیں گھر میں پڑی ملی ہیں، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے لاشیں ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دیں۔ایس پی اقبال ٹاؤن محمد اجمل کے مطابق اقبال اور اس کی بہن عمرانہ کی گھر سے ملنے والی لاشیں کچھ روز پرانی ہیں، دونوں کی عمریں 60 سال کے قریب لگتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دونوں کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ہیں اس لیے ابتدائی طور پر دونوں کی ہلاکت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دیا ہے تاکہ موت کی وجہ کا تعین ہوسکے، پولیس کی جانب سے واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکنِ پنجاب اسمبلی (ایم پی اے) شاہین رضا کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد لاہور کے میؤ اسپتال میں انتقال کر گئیں۔میؤ اسپتال لاہور کے سی ای او ڈاکٹر ا سد اسلم نے تصدیق کی ہے کہ پی ٹی آئی کی ایم پی اے شاہین رضا میؤ اسپتال میں انتقال کر گئی ہیں۔ڈاکٹر اسد اسلم کے مطابق شاہین رضا میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، وہ گزشتہ 3 روز سے میؤ اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔شاہین رضا کو 17 مئی کو طبیعت خراب ہونے پر ڈی ایچ کیو اسپتال گوجرانوالہ منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے بعد میں انہیں لاہور ریفر کر دیا گیا تھا۔گوجرانوالہ کے ڈی سی آفس کے مطابق مرحومہ کی تدفین مقامی قبرستان میں کی جائے گی۔شاہین رضا خواتین کی مخصوص نشست پر ایم پی اے منتخب ہوئی تھیں، ان کی عمر 60 برس تھی۔میؤ اسپتال لاہور کے سی ای او ڈاکٹر اسد اسلم کے مطابق بیگم شاہین رضا بلڈ پریشر اور شوگر کی بھی مریضہ تھیں۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں کسی رکن اسمبلی کے انتقال کا پہلا واقعہ سامنے آیا ہے۔دنیا کے مختلف ممالک میں کئی رکنِ اسمبلی اور سیاستداں کورونا وائرس کی وباء کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بعد ملک ایک اور بڑی سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے نئے انتخابات کا شوشہ چھوڑ دیا۔ایک روز قبل مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا تھا کہ ملک کے مسائل کا حل نئے اور منصفانہ انتخابات ہیں۔آج لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پاکستان پیپلز پارٹی قمر زمان قائرہ نے بھی ن لیگی صدر کے بیان کی تائید کی ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت کو ہر مسئلے پر فیصلہ کرنے کے لیے کہیں سے اشارے کی امید رہتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے خود اعتراف کیا ہے کہ بیوروکریسی ان کی بات نہیں مان رہی۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اگر حکومتیں ناکام ہو جائیں تو جمہوری طریقے پر عمل کرنا ضروری ہو جاتا ہے۔پی پی پی رہنما نے کہا کہ حکومت ناکام ہوجائے تو ان ہاؤس تبدیلی آتی ہے یا پھر نئے انتخابات ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قرنطینہ سینٹرز کی بدنظی کے حوالے سے آوازیں اٹھنا شروع ہو گئیں، ہمیں بتایا جائے کہ کروڑوں روپے کے فنڈز کہاں گئے۔قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل نے اس وقت پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، سابق صدر آصف علی زرداری اسمبلی میں دہائی دیتے رہے لیکن کسی نے انہیں نہیں سنا۔انہوں آصف علی زرداری کی طبیعت پر بھی بات کی اور کہا کہ ان کی طبیعت ناساز تھی لیکن اب وہ بہتر ہیں۔قمر زمان کائرہ نے عدالتی فیصلوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عدلیہ ہر جگہ کام نہیں کر سکتی، جو کام انتظامیہ کا ہے وہ اسے ہی کرنا ہے۔اٹھارہویں ترمیم سے متعلق رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ این ایف سی اور 18ویں ترمیم نے وفاق کو مضبوط بنایا ہے۔
حکومت نے شوگر انکوائری کمیشن کو رپورٹ مکمل کرنے کے لیے مزید 4 روز کی مہلت دے دی۔سرکاری ذرائع کے مطابق شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ تیار ہے تاہم اسے مرتب کرنے کے لیے 4 دن دیے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شوگر ملزکے فرانزک آڈٹ کی تکمیل کے بعد رپورٹ مرتب کرنے کا کام جاری ہے۔واضح رہے کہ شوگر انکوائری کمیشن نے 16 مئی کو رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرنا تھی۔وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ملک میں چینی بحران کاسب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا۔دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیاں نے سے مستفید ہوئیں۔