قومی
National News from The Pk Media
اسلام آباد ایئرپورٹ پر گرفتار نہیں، اغواء کیا گیا: شرجیل میمن
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پانچ ارب کی کرپشن کے الزامات کے بعد ملک سے فرار ہونے والے شرجیل میمن کی واپسی خاصی ڈرامائی ثابت ہوئی۔ نیب نے ایئرپورٹ پر ہی حراست میں لے لیا۔ تاہم، ڈھائی گھنٹے تک پوچھ گچھ کرنے کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔سابق صوبائی وزیر سندھ ہاؤس پہنچے تو گفتگو کرتے ہوئے نیب حکام پر برس پڑے، کہا کہ وہ عدالت کے حکم پر وطن لوٹے ہیں، ضمانت کے کاغذات بھی موجود تھے، نیب کا اقدام توہین عدالت ہے۔بعد ازاں، اسلام آباد میں رہنماء پیپلز پارٹی شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اگست 2015ء میں بھی کراچی میں علاج چل رہا تھا، مزید علاج کیلئے بیرون ملک چلا گیا، ڈاکٹروں نے مکمل طور پر سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا، 2 ماہ بعد اچانک میرا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں آ گیا جس کے بعد میں نے عدالت سے رجوع کیا۔ شرجیل میمن نے بتایا کہ ای سی ایل میں نام ڈالنے کے بعد کسی قسم کا نوٹس نہیں دیا گیا اور پھر اکتوبر 2016ء میں میرے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ میرا مؤقف سنے بغیر تمام کارروائیاں کی گئیں، ایک چینل نے میرے گھر سے 2 ارب روپے برآمدگی کی غلط خبر چلائی، میں نے چینل کے خلاف دعویٰ دائر کیا لیکن آج تک کارروائی نہیں کی گئی۔شرجیل میمن نے واضح کیا کہ وطن واپسی سے پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت لی، عدالت سے درخواست کی کہ اپنے خلاف کیسز کا سامنا کرنا چاہتا ہوں۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ تمام الزامات کا سامنا کرنے آیا ہوں، اپنے خلاف ریفرنس کا بغور مطالعہ کر کے جواب تیار کروں گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے لئے کرپشن کے الزامات فخر کی بات نہیں، اگر جرم ثابت ہو جائے تو مجھ پر رحم نہ کیا جائے بلکہ کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ نیب کیا کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے استفسار کیا کہ نیب نے شریف برادران، اسحاق ڈار اور رانا مشہود کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کی؟ ایک ملک میں دو قوانین کیوں ہیں؟ رانا مشہود کی ویڈیو کسی کو نظر کیوں نہیں آتی؟ نواز شریف کی نیب کیخلاف گفتگو کے بعد نیب نے کارروائیاں بند کیوں کیں؟انہوں نے زور دے کر کہا کہ نیب صرف پیپلز پارٹی کیلئے بنا ہے، پاناما والوں کیلئے الگ اور پیپلز پارٹی کیلئے خصوصی قانون ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر سادہ لباس لوگوں نے گھیر لیا، پوچھنے کے باوجود سادہ لباس افراد نے اپنا تعارف نہیں کرایا، میں اسے گرفتاری نہیں اغواء کہوں گا۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا پاکستان میں جنگل کا قانون ہے؟شرجیل میمن نے بتایا کہ ضمانت ہونے کے باوجود روزانہ نیب آفس جانے کیلئے تیار ہوں، مجھے اٹھانے والوں نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی لیکن انہیں معاف کرتا ہوں۔ شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ کسی کو گرفتار کرنا ہے تو یہ طریقہ ٹھیک نہیں، موجودہ وزیر کے ساتھ بدتمیزی اور دھکے مناسب نہیں۔ شرجیل میمن کا یہ بھی کہنا تھا کہ عدالتوں پر اعتماد اور فیصلوں کو قبول کروں گا۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کی نگری میں اترا، نواز شریف، چودھری نثار کی مہمان نوازی کا شکر گزار ہوں۔ پی پی رہنماء طنزیہ لہجے میں یہ بھی بولے کہ میری گرفتاری سے شاید نیب والوں کا کلیجہ ٹھنڈا ہو گیا ہو۔اس سے بل رہائی کے بعد شرجیل میمن نے وزیر اعلیٰ سندھ سے رابطہ کر کے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا۔ مراد علی شاہ کہتے ہیں سابق صوبائی وزیر ہر عدالتی فیصلے کی پاسداری کریں گے اورآجعدالت کے سامنے پیش بھی ہونگے۔کرپشن کے الزامات کے بعد شرجیل میمن دو ہزار پندرہ میں دبئی چلے گئے تھے۔ سابق صوبائی وزیر نے پندرہ مارچ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ بیس مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔ شرجیل میمن کے خلاف اکیس مارچ کو احتساب عدالت میں پانچ ارب ستر کروڑ کے کرپشن ریفرنس کی سماعت بھی ہو گی۔
عمران فاروق کیس: برطانیہ نے محسن علی کی حوالگی کی درخواست روک دی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں برطانوی وزارت داخلہ نے پاکستان میں گرفتار ملزم محسن علی سید کو حوالے کیے جانے کی درخواست روک دی۔ حکام کا کہنا ہے کہ درخواست تکنیکی وجوہات پر روکی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ نے برطانوی وزارت داخلہ سے سفارش کی تھی کہ محسن علی سید کو برطانیہ حوالے کرنے کے لیے پاکستان سے درخواست کی جائے ۔ اس بارے میں برطانوی وزارت داخلہ کا موقف ہے کہ حوالگی کی درخواست برطانیہ کی کراؤن پراسیکیوشن سروس کے مشورے پر روکی گئی ۔اس سے پہلے برطانیہ نے کئی بار پاکستان کو عمران فاروق قتل کیس میں پیش رفت کی یقین دہانی کرائی ہے لیکن اب تک گرفتار مرکزی ملزم کو حوالے کرنے کی درخواست پاکستان سے نہیں کی ۔اسکاٹ لینڈ نے عمران فاروق قتل کیس میں محسن علی اور کاشف خان کو نامزد کر رکھا ہے، جبکہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ حوالگی کا معاملہ پولیس کا نہیں بلکہ حکومتی سطح کا ہے ۔دوسری جانب برطانوی دفتر خارجہ کا کہناہے کہ حوالگی کی درخواست کے بلاک کئے جانے سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں کیونکہ یہ معاملہ وزارت داخلہ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
فوجی عدالتیں: دو سال توسیع کی آئینی ترمیم آج پیش ہو گی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) فوجی عدالتوں کے قیام میں مزید دو سال کی توسیع کے لیے اٹھائیسویں آئینی ترمیم آج قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔ ترمیم میں پیپلزپارٹی کی چار تجاویز بھی شامل ہوں گی۔ حکومت پارلیمانی رہنماؤں پر مشتمل قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل کی قرارداد بھی پیش کرے گی۔قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت آج شام چار بجے ہو گا، جس میں فوجی عدالتوں کے قیام کے لیے ترمیم شدہ اٹھائیسویں آئینی ترمیم پیش کی جائے گی۔حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اس حوالے سے کامیاب مذاکرات کے بعد اجلاس میں پیپلزپارٹی کی چار تجاویز بھی شامل کی جائیں گی جس کے تحت فوجی عدالتوں کی کارروائی میں قانون شہادت کا اطلاق ،ملزم کو گرفتار ی کی وجوہات بتا کر 24 گھنٹوں میں ہی فوجی عدالت کے سامنے پیش کرنے اور ملزم کو وکیل کرنے کا حق دینے کی شقین بھی شامل کی گئی ہیں۔اجلاس میں تمام پارلیمانی رہنماؤں پر مشتمل قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل سے متعلق قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔کمیٹی فوجی عدالتوں، نیشنل ایکشن پلان اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سے جڑے ہر معاملے کی نگرانی کرے گی۔
462 ارب کرپشن کیس، ڈاکٹر عاصم کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ
کراچی (نمائندہ خصوصی) سندھ ہائی کورٹ کے ریفری جج جسٹس آفتاب گورر پر مشتمل بینچ میں ڈاکٹر عاصم کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ ڈاکٹر عاصم کے خلاف 462 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔ڈاکٹر عاصم کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عاصم شدید بیمار ہیں، ضمانت انکا حق ہے۔ جیل میں علاج کے باوجود ان کا نچلا دھڑ شدید متاثر ہوا ہے۔دوران حراست ان پر دل کا دورہ پڑ چکا ہے۔ ان پر فالج کابھی حملہ ہو چکا ہے۔ یہ کہنا کہ ڈاکٹر عاصم کو انکی مرضی کے مطابق علاج کی سہولت دی جا رہی ہے، بالکل گمراہ کن ہے۔میڈیکل بورڈز کی تجاویز اور رپورٹس سے ثابت ہے کہ ڈاکٹر عاصم ذہنی تناو کا شکار ہیں۔ان کا دوران حراست مناسب علاج نہیں ہو سکتا۔ڈاکٹر عاصم 10 خطرناک امراض میں مبتلا ہیں۔ بعض بیماریوں کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں۔پراسیکیوٹر محمد الطاف نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کا انکی مرضی کے مطابق علاج کرایا جا رہا ہے۔ وکیل نیب نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم رینجرز کے وردی سے ڈرتے ہیں، ان کانفسیاتی علاج بھی ہو رہا ہے۔ہائیڈروتھراپی کے علاوہ آغا خان اسپتال میں ہر بیماری کا علاج ہے۔ڈاکٹر عاصم کی ضمانت مسترد کر دی جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کارروائیاں، 9 ملزم گرفتار
پاکستانی عوام اس سال زیادہ خوش ہیں
پاکستان دنیا کی 23 مضبوط قوموں کی فہرست میں شامل
کراچی: برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ دنیا کی 23 مضبوط قوموں کی فہرست میں پاکستان شامل ہوگیا ہے، مسائل کے باوجود پاکستان کی معیشت میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے.بین القوامی سطح پر بھی اعتراف کرلیا گیا ہے کہ پاکستانی قوم طاقتور اورمضبوط ہے، دنیا کے طاقتور ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نمبر بیسواں ہے، برطانوی اخبارکے مطابق پاکستان میں دہشتگردی،سیاسی عدم استحکام اور انتہا پسندی کے مسائل کے باوجود پاکستانی ایک مضبوط اورطاقتور قوم ہیں۔برطانوی اخبار کے مطابق پاکستانی معشیت کی بہتری حیران کن ہے تاہم غیر ملکی سرمایہ کاری میں خاطرخواہ اضافہ نہیں ہوا۔برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ پاکستان کودہشت گردی، کرپشن اورانتہا پسندی جیسے مسائل کاسامنا ہے، تاہم ان مسائل کے باوجود پاکستان کی معیشت میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔
لاہور: مینار پاکستان کے قریب فائرنگ، 3 افراد جاں بحق
مینار پاکستان کے قریب نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 افراد رانا شکور، رانا ایوب اور راہگیر محمد نعیم جاں بحق ہو گئے۔حملہ آور واردات کے بعد فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے رانا شکور اور رانا ایوب بھائی تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک زخمی کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور میں تھانہ ٹبی سٹی کی حدود میں دو پولیس اہلکاروں پر بھی فائرنگ کی گئی تھی جو بعد ازاں دوران علاج جاں بحق ہوگئے۔
اسلام آباد میں یوم پاکستان پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل
اسلام آباد: یوم پاکستان پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل اسلام آباد کےشکر پڑیاں گراؤنڈ میں جاری ہے۔دارالحکومت کی فضاء جنگی طیاروں کی گھن گرج سے گونج رہی ہے۔تفصیلات کےمطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم پاکستان پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل میں بری، بحری، فضائی افواج، فرنٹیئر کور اورمجاہد فورس سمیت دیگر سروسز کے دستے پریڈ میں حصہ لے رہے ہیں۔پاک فضائیہ کےلڑاکا طیارے، پاک بحریہ اور فوج کے ہیلی کاپٹر فلائی پاسٹ کررہے ہیں جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کےلیے راولپنڈی اسلام آباد میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیےگئے ہیں۔اسلام آباد ٹریفک پولیس نےیوم پاکستان پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل کےلیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔فل پریڈ ریہرسل کے باعث ایکسپریس وے، فیض آباد فلائی اوور اور مری روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کےلیےبند کردیاگیا ہے۔ایکسپریس وے کھنہ پل سے زیرو پوائنٹ تک اور فیض آباد فلائی اوور ہر قسم کی ٹریفک کےلیے بند ہے۔ایئرپورٹ سے آنے والی ٹریفک مری روڈ جانے کےلیے کھنہ پل سے ترامڑی چوک کا راستہ استعمال کرے گی، آبپارہ ،بھارہ کہو اورمری جانے کےلیے کشمیر ہائی وے کھلی رہے گی۔واضح رہےکہ یوم پاکستان پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل کے پیش نظرراولپنڈی اسلام آباد کےمختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔

