رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان اور کاجول نے ابتدائی طور پر اگرچہ فلم میں کام کرنے کی مکمل یقین دہانی نہیں کروائی، تاہم انہوں نے اس کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔فلم ہندی میڈیم کے سیکوئل کی شوٹنگ امریکا میں کی جائے گی جس کا مختصر سا حصہ بھارت میں فلمایا جائے گا۔واضح رہے صبا قمر کی ڈیبیو فلم ہندی میڈیم نے بھارت میں 300 کروڑ سے زائد مالیت کا باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کیا اور مقبولیت کے باعث فلم چائنا اور ہانگ کانگ میں بھی چار چاند لگانے میں بھی سنگ میل ثابت ہوئی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو مالم جبہ اراضی کیس میں کلین چٹ دینے کی تردید کردی ہے۔ترجمان نیب نے کہا ہے کہ مالم جبہ اراضی کیس میں وزیراعلیٰ محمود خان کو کوئی کلین چٹ نہیں دی۔نیب نے محمود خان کے بیان سے پیدا ہونے والے تاثر کوزائل کرنے کے لیئے تردیدی بیان جاری کردیا ہے۔محمود خان نے گزشتہ روز پیشی کے بعد کہا تھا کہ یہ ان کی پہلی اور آخری پیشی تھی۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کمائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کو دیا گیا بیان غیر تسلی بخش ہے ۔نیب ترجمان نے مزید کہا کہ انہیں دوبارہ کسی بھی وقت بلایا جاسکتا ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا ہے کہ وہ اشاروں سے متعلق بات نہیں کرتے ۔صحافی نے شہبازشریف سے استفسار کیا کہ آصف زرداری کومڈٹرم انتخابات کا اشارہ ملا،آپ کو مڈٹرم الیکشن ہوتے نظر آرہے ہیں؟اپوزیشن لیڈر نے صحافی کو جواب دیا کہ ’وہ اشاروں سے متعلق بات نہیں کرتے ‘۔صحافی نے سوال کیا کہ اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک پیج پر نہیں آرہے ،کیاان میں اعتماد کا فقدان ہے؟شہبازشریف نے جواب دیا کہ آپ پھونک مار دیں۔گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ایک دوسرے ہاتھ ملایا اور مختصر سی گفتگو کی ۔اس ملاقات کے بعد صحافی نے آصف زرداری سے استفسار کیا تھاکہ کیا آپ کی نوازشریف سے ملاقات متوقع ہے؟جس پر انہوں نے جواباً کہاتھاکہ ’آپ کہہ دیں،ملاقات کرادیں،جو آپ کا حکم ہو‘۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف اورآصف زرداری کی سیاست ختم ہوچکی ہے، ہماری پالیسیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے۔حکومت میں آئے تو پتا چلا 12ارب ڈالر نہ ہوئے تو ہم ڈیفالٹر ہوجائیں گے۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا اصل معاشی سفر اب شروع ہوا ہے، ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے،ٹیکس ریٹرن جو اس سال جمع ہوئی ہیں اس کی تعداد پچھلے سالوں کے مقابلے میں ڈبل ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں انہیں ٹیکس نیٹ میں لا رہے ہیں،ہم ہر سال دو ارب ڈالرز کے موبائل فون منگوا لیتے ہیں، ہم امپورٹس کی حوصلہ شکنی کر رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ منی لانڈرنگ پر اقدامات شروع کر دیئے ہیں،پچھلی حکومتوں کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن اور منی لانڈرنگ تھا، سندھ کے حکمرانوں نے کرپشن کی اور پیسہ باہر بھجوایا۔
پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے بچوں کی شادی پر پابندی ایکٹ میں ترمیم کا بل سینیٹ میں پیش کردیا ۔اٹھارہ سال سے کم عمر فرد سے شادی کرنے والے کو 2 لاکھ روپے جرمانہ اور 3سال تک کی سزا دی جائے گی ۔بل کے مطابق کم عمر بچے کی شادی کی رسومات ادا کرنے والے کو بھی 3 سال قید بامشقت کے ساتھ 2 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔سینیٹ میں پیش کردہ بل کے متن کے مطابق کم عمر بچے کی شادی کرانے والے والدین کو 3سال تک قابل توسیع قید اور 2 لاکھ روپے کا جرمانہ ہوگا ۔بچوں کی شادی پر پابندی ایکٹ میں ترمیم کا بل میں کہا گیا ہے کہ عدالت بچے کی شادی کی شکایت ملنے پرشادی روکنے کا حکم امتناع جاری کرسکتی ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نےثقافتی تہوار بسنت کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فروری کے دوسرے ہفتے میں بسنت منائی جائے گی۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ لاہور کی سول سوسائٹی سمیت ثقافتی حلقوں اور شہریوں کی طرف سے بسنت کا تہوار منانے کا مطالبہ کیاجارہا تھا لہٰذا فروری کے دوسرے ہفتے بسنت کا تہوار منایا جائے گا۔فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بسنت کو احسن طریقے سے منانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو بسنت میں کیمیکل کی ڈور اور دیگر منفی چیزوں کے حوالے سے ایک ہفتےمیں رپورٹ دے گی جب کہ کمیٹی بسنت کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ وزیر اعلیٰ پنجاب بسنت تہوار کی بحالی میں دلچسپی رکھتے ہیں، انہوں نے بسنت کی بحالی کا جائزہ لینے کے لیے وزیرقانون راجہ بشارت کی سربراہی میں کمیٹی بنادی ہے۔
آئی جی سندھ نےکراچی میں 28 ممالک کے قونصلیٹ جنرل اور نمائندگان سے ملاقات کی اور بتایا کہ سیکیورٹی اقدامات کو فول پروف اور مؤثر بنانے کے لئے باہمی روابط کو تقویت دینا ہوگی۔ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے دوران بریفنگ سیکیورٹی ترجیحات و اقدامات کا تفصیلی احاطہ کرتے ہوئے تجویز دی کہ تمام سفارت خانوں کی عمارتوں کے منتخب کردہ پوائنٹس پر واچ ٹاورزاور سی سی ٹی وی کمانڈ اینڈ کنٹرول رومزکا قیام اشد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ چائنا قونصلیٹ پر دہشت گردانہ حملے کو سامنے رکھتے ہوئے کراچی پولیس کی جانب سےایس او ایس نامی سافٹ ویئر متعارف کیا جارہا ہے جو تمام قونصل خانوں کو دیا جائیگا، انہوں نے بتایا کہ اس سافٹ ویئر کے استعمال سےکسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں پولیس کا جلد ریسپانس عملاً یقینی بنایا جاسکے گا۔ایس پی فارنرز سیکیورٹی سیل بشیر بروہی نے اس موقع پر سفارت کاروں کی سیکیورٹی کے حوالے سے ایف ایس سی کے جملہ امور واقدامات کا خصوصی حوالوں سے تفصیلی احاطہ کیا۔آئی جی سندھ نے کہا کہ فی زمانہ سیکیورٹی خدشات اور تحفظات ایک عالمی مسئلہ بن کر سامنے آئے ہیں جن سے نمٹنے کے لیئے تمام ممالک اپنے اپنے ملک کی جغرافیائی صورتحال اور درپیش چیلنجز کے تناظر میں تمام تر انسدادی حکمت عملی اور لائحہ عمل پر ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کے لیے باعث مسرت و افتخار ہے کہ وہ سندھ میں قائم غیر ملکی سفارت خانوں اور اسکے تحت آنیوالے مختلف مندوبین، ماہرین اور اسٹاف کی سیکیورٹی کے لیئے دستیاب افرادی قوت اوروسائل کو اپنی تمام تر صلاحیتوں اور مہارت کے تحت بروئے کار لارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سندھ پولیس کے ساتھ رینجرز قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں ایف سی ودیگر بھی ناصرف ہمہ تن مصروف عمل ہیں بلکہ ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن وشیئرنگ اور فالو کرنے جیسے عمل میں بھی مذکورہ اداروں کی معاونت اور تعاون کا سلسلہ بھی جاری ہے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ چائنا قونصلیٹ پر دہشت گرد حملے کے بعد سیکیورٹی کو مزید غیر معمولی بنائے جانے کے حوالے سے جامع تجاویز اور مشاورت کے تناظر میں اشد ضروری ہے کہ سندھ پولیس رینجرز اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں اور سندھ میں قائم تمام سفارت خانوں پر مشتمل واٹس ایپ گروپ کا قیام عمل میں لایا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ اس عمل سے سیکیورٹی معلومات، تجاویز مشاورت آگاہی سمیت درکار سیکیورٹی اقدامات اور ممکنہ درپیش خدشات وتحفظات کی باہمی شیئرنگ سے ناصرف سیکیورٹی امور کو تقویت ملے گی بلکہ بروقت انسدادی اقدامات و ریسپانس بھی مزید مؤثر ہوجائیں گے۔آئی جی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے کہا کہ وہ ماہانہ بنیادوں پر تمام قونصلیٹ جنرلز/ نمائندگان سے اجلاس/ ملاقات کو باقاعدہ ایک شیڈول کے تحت یقینی بنائیں تاکہ انکی تجاویز اور مشاورت سے سیکیورٹی کے جاری جملہ اقدامات و حکمت عملی کو مزید بہتر اور فول پروف بنایا جاسکے۔اس موقع پر انہوں نے تمام قونصلیٹ جنرلز/ نمائندگان ودیگر مہمانان گرامی کی آمد پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس کے بہادر اور باصلاحیت افسران اور جوان صوبے میں امن اومان کی صورتحال پر کنٹرول کے ساتھ ساتھ عوام کے جان ومال کے تحفظ اور صوبے میں موجود تمام سفارت کاروں، ماہرین، مندوبین انکے دفاتر رہائشی مقامات وغیرہ پر تمام تر حفاظتی اقدامات کو باقاعدہ مؤثر رابطوں کے تحت یقینی بنا رہے ہیں۔اجلاس/ملاقات میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ، ڈی آئی جی آر آر ایف، ڈی آئی جی ساؤتھ، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی آئی جی آپریشن، ایس ایس پی ساؤتھ اور ایس پی ایف ایس سی اسپیشل برانچ کے علاوہ امریکا، چائنا،یو اے ای، قطر، بنگلہ دیش، چاپان، سوئٹزر لینڈ، کویت، سری لنکا، اٹلی، جرمنی، سعودیہ، اومان، ملائشیا، روس، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، ترکی، بحرین، افغانستان، فرانس، ایران، برطانیہ، شمالی کوریا، یمن، پولینڈ اور مراکش کے قونصلیٹ جنرلز/نمائندگان نے شرکت کی۔
اپوزیشن نے بعض قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی لینے سے انکار کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے حکومت سے اہم امور والی وزارتوں سے متعلق کمیٹیاں لینے پر اصرار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی حکومت نے اپوزیشن کو شماریات، سائنس و ٹیکنالوجی اور موسمی تغیرات جیسی قائمہ کمیٹیاں دینے کا فیصلہ کیا تو اپوزیشن نے اس پر انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ن لیگ کا کوئی عہدیدار یا سابق وزیر کسی بھی قائمہ کمیٹی کا چیئرمین نہیں بن سکے گا۔سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے بھی کسی کی کمیٹی کی سربراہی لینے سے صاف انکار کردیا ہے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اس وقت کنفیوزن کا شکار ہیں ان کی باتیں ملکی استحکام کے لیے نامناسب ہیں۔حیدرآباد میں کوٹری بیراج کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ آصف زرداری آپ اپنے بارے میں بتائیں کہ آپ کہاں سے آئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت پر ہیروبن کرآصف زرداری جو پاکستان کے ساتھ کرنا چاہ رہے ہیں اب وہ معاملہ مزید چل نہیں سکتا۔گورنر سندھ نے کہا کہ آصف زرداری آپ کرپشن کے الزامات ہیں، جن کی انکوائری ہو رہی ہے ثابت ہوئی تو گرفتار بھی ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کا بیان ملک کے استحکام کے لیے نامناسب ہے وفاق سندھ کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں کر رہا ہے ، پانی کا جو حصہ ہے وہ ہی دے رہا ہے ۔گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سندھ میں بارشیں نہ ہوئیں تو پانی کی مزید قلت ہوجائے گی، وفاق کا سندھ کو پانی نہیں دینے کا تاثر غلط ہے، وفاق نے کے فور پر اپنا 25 بلین کا حصہ ادا کر دیا ہے، جبکہ منصوبہ 25 سے 125 بلین تک پہنچ گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کینجھر جھیل میں گندہ پانی ڈالا جارہا ہے اس معاملے کی رپورٹ پیش کی جائے۔
نجی اسکولوں کی فیس میں 5 فیصد سے زائد اضافے پر اسکول مالکان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔درخواست گزارکے وکیل نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ اسکول فیس20 فیصد کم کردی ہے تاہم واضح نہیں کہ جس دن سے آرڈر ہوا ہے اس دن سے فیس میں کمی کا اطلاق ہوگا کہ نہیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ 40 صفحوں کا آرڈر ہوا ہے، آپ کہتے ہیں کہ وضاحت نہیں ہوئی، توہین عدالت کے معاملات آگے نہیں بڑھ رہے ہیں۔عدالت نے مزید کہا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد ہم سب کی ذمہ داری ہے، اسکول مالکان تمام باتیں تحریری طور پر دیں تاکہ ہمارا حکم واضح ہو، یہ سیدھی سیدھی توہین عدالت کی درخواست ہے۔عدالت نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ کے معاملات بہت دور تک جائیں گے، اسکول مالکان اگر بات نہیں مانتے تو فرد جرم عائد کردی جاتی۔عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہم اسٹیپ بائے اسٹیپ چلنا چاہتے ہیں،عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے متعلق تحریری جواب جمع کرائیں،آئندہ سماعت سے پہلے اسکول مالکان اپنا جواب جمع کرائیں۔توہین عدالت کی درخواست پر مزید سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔