اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کے مطابق، بھارت سے آئے سجادہ نشین درگاہ حضرت نظام الدین اولیاء سید آصف علی نظامی پاکستان میں لاپتہ ہو گئے۔دفتر خارجہ کے مطابق، سید آصف علی نظامی کی گمشدگی کی اطلاع بھارتی ہائی کمیشن نے دی۔ بھارتی حکام کی جانب سے پاکستان سے مدد کی درخواست کی گئی ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ادھر، بھارتی میڈیا کے مطابق، لاپتہ ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہے۔ سید آصف نظامی اور نظام نظامی اپنے رشتہ داروں سے ملنے کراچی آئے تھے جہاں سے وہ داتا دربار حاضری دینے لاہور پہنچے۔دربار پر حاضری دینے کے بعد وہ بدھ کی شام سے لاپتہ ہیں۔
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) خیبر ایجنسی میں افغانستان سے دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ اور شبقدر میں ایف سی ٹریننگ سینٹر میں گھسنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں دو خودکش بمباروں سمیت آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔تفصیلات کے مطابق ملک دشمنوں کی تخریبی کارروائیاں ، خیبر ایجنسی میں سرحد پار سے حملہ اور شبقدر میں ایف سی ٹریننگ سینٹر میں گھسنے کی کوشش سکیورٹی فورسز نے نا کام بنادی ، پاف فوج کی بھرپور اور بروقت جوابی کارروائی میں 2 خودکش بمباروں سمیت 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ، تین ایف سی اہلکار وطن پر قربان ہوگئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق خیبر ایجنسی میں افغانستان سے دہشت گردوں نے ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ اہلکاروں نے جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2 ایف سی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔جبکہ تحصیل چارسدہ کے علاقے شبقدر میں دہشت گردوں نے ایف سی ٹریننگ سینٹر میں گھسنے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔فائرنگ کے تبادلے میں 2 خودکش بمبار ہلاک جبکہ ایک ایف سی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پرقائم تحقیقاتی کمیٹی کی سفارش پر اعلیٰ حکام نے کارروائی کرتے ہوئے چودہ اہلکاروں کو معطل کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق مبینہ مقابلے کی تحقیقات ڈی آئی جی ابوبکر خدا بخش کررہے ہیں۔معطل ہونے والوں میں ایس ایچ او تھانہ آر اے بازر ساجد محمود ، سب انسپکٹر محمد افضل، سب انسپکٹر لیاقت علی، اے ایس آئی وحید احمد، ہیڈ کانسٹیبل رمضان ، کانسٹیبلز شاہزیب، ندیم، غضنفر، شاہد محمود شامل ہیں۔ عاطف قیوم، تقی الحسنین، سیف اللہ، ندیم ابراہیم اور آصف کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بائیس فروری کی رات پولیس نے مبینہ مقابلے میں دو بھائیوں عرفان اور وسیم کو قتل کیا تھا۔
کرم ایجنسی (محمد سلیم ) کرم ایجنسی پاک افغان باڈر خرلاچی پر دونوں ممالک کی حالات کشیدہ دونوں اطراف سے فوجیوں نے کیل کانٹے سے لیس ہوکر مورچہ زن ہوگئے ہے دونوں اطراف سے جس میں ٹینک بکتر بند اور بھاری خود کار ہتھیار نصب کی جارہے ہیں عوام میں خوف ہراس پاکستانی باڈر کے قریب افغانستان ضلح شہرنوں کے علاقوں سے افغانیوں کی محفوظ مقامات تک نقل مکانی شروع ۔تفصیلات کے مطابق ،فاٹا کے طرح کرم ایجنسی میں بھی دہشت گردی روک تھام کے لئے پاک افغان باڈر پر حفاظتی تار لگانے کا کام شروع کردیا گیا ہے جس پر دونوں ممالک کے درمیان ایک بار پھر حالات کشیدہ ہوچکے ہے افغان فورسز کے جانب سے خرلاچی گیٹ کے قریب مورچے بنکرز کھودنے میں بھاری مشینرز کام پر لگائی ہے اور بڑی تعداد میں فورسز کو پاکستانی باڈر کے قریب بھاری ہتھیاروں کے ساتھ جنگی پوزیشن میں پڑواں ڈالے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں خوف ہراس پھیلا ہوا ہے سرحد پار امد اطلاع کے مطابق افغان فورسز نے پاکستانی باڈر کے قریب افغانستان ضلح شہرنوں کے علاقا جات ،ڈھنڈا ، پھٹان، بنگش کلے ،چھپری ،اور شہرنوں کے رہائشیوں کو علاقے سے محفوظ مقامات تک نقل مقانی کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ جنگ کی صور ت میں کم سے کم نقصان ہوسکے افغانستان بنگش کلے کے رہائشی محمد اسماعیل نے پاکستانی میڈیا نوائے وقت سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین دنوں سے ضلح شہرنوں گردنوح میں افوا پھیل چکی ہے کہ عنقریب دونوں ممالک کے درمیان باڑ لگانے کے تنازعہ پر سخت جنگ ہونے کو ہے جس سے باڈر کے قریب مکینوں میں میں سخت پریشانی کی لہر پھیل چکی ہے گزشتہ روز افغان فورسز کی مسجدوں میں علاقاجات خالی کرنے کے اعلانات سے عوام اور بھی بے چینی پھیل گئی انہوں نے مزید کہاکہ کئی دن سے افغان فورسز جس میں سرحدی پولیس (رینجرز)ملی اردو،کمپین ارمی (سپیشل فورس) اور قولوں اردو(کمانڈوں ) دستوں کو بھاری ہتھیاروں جن میں ٹینک ،بکتر بند ، فوجی ٹرکوں کے زرائے پاکستانی باڈر خرلاچی پر پہنچایا جارہا ہے اسی طرح جنگی ہیلی کاپٹروں کا دستہ شہرنوں ہیڈکواٹر میں تیار ی کی حالت میں موجود ہے دوسرے جانب پاکستانی فورسز نے بھی باڈر پر کسی بھی ناخوشگوار صورت حال اور منہ توڑ جواب دینے کے لئے الرٹ ہوچکی ہے اور ایجنسی کے قریبی آبادی کو باڈر سے دور رکھنے کی حکم جاری کیا اور بیرونی حملے کی صورت میں عام آبادی کو نقصان کم پہنچے پولیٹیکل انتظامیہ کرم کے مطابق ایجنسی میں حالات معمول کے مطابق ہےپاکستان پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے کسی بھی بیرونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے پاک فوج مکمل طور پر تیار ہے ۔ جب تک حالات معمول پر نہیں اتے تب تک پاک افغان باڈر مکمل طور پر سیل ہوگا ۔
ممبئی: (خصوصی نمائندہ) بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے زندگی کی 24 بہاریں دیکھ لی ہیں۔ انہوں نے اپنی فیملی کے ہمراہ سالگرہ منائی۔ ان کے والد مہیش بھٹ اور بہن پوجا بھٹ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ان کے بچپن کی تصویریں شیئر کرکے انھیں مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ خیال رہے کہ عالیہ بھٹ نے بہت کم عرصے میں بالی ووڈ انڈسٹری میں اپنا علیحدہ مقام حاصل کر لیا ہے۔ ان کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کی منجھی ہوئی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ سٹوڈنٹ آف دی ائیر سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی اداکارہ عالیہ بھٹ اب تک متعدد فلموں میں اپنی ایکٹنگکے جوہر دکھا چکی ہیں۔ حال ہی میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ ریلیز ہونے والی فلم لو یو زندگی جہاں کامیابی کے جھنڈے گاڑے تو وہیں اس میں عالیہ بھٹ کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا۔
ممبئی: (خصوصی نمائندہ) انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق دیپکا پڈکون کی فلم پدماوتی کی شوٹنگ کے دوران ایک پرتشدد واقعہ پیش آیا ہے۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے تاریخی شہر کولہاپور میں فلم کی شوٹنگ جاری تھی کہ اچانک مشتعل افراد نے اس پر حملہ کر دیا اور سیٹ کو آگ لگا دی۔ واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں، تاہم پورا سیٹ اور سامان جل کر راکھ ہو گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کے ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی پر ہوئے حملے کے بعد سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے تاہم سینکڑوں افراد اچانک حملہ آور ہوئے اور فلم کے اداکاروں اور عملے کی حفاظت پر مامور گارڈز کو دھکیلتے ہوئے شوٹنگ کے مقام پر جا پہنچے۔ مشتعل افراد نے سیٹ کو پٹرول سے چھڑکا اور آگ لگا دی، آگ لگتے ہی تمام سیٹ جل کر خاکستر ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور چند مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔اس سے قبل فلم کے ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی فلم کی شوٹنگ کیلئے راجھستان میں موجود تھے کہ اچانک مشتعل افراد نے انھیں تشدد کا نشانہ بنا ڈالا تھا۔ واضح رہے کہ اس تاریخی فلم میں دیپکا پڈکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور اہم کرداروں میں جلوہ گر ہونگے۔
بلوچستان (خصوصی نمائندہ) کوئٹہ میں ڈبل روڈ پر مکان پر ڈمپر گرنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈمپر گرنے سے کچے مکان کی چھت گر گئی، ملبے سے 7 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچیاں، ایک خاتون اور 2 مرد شامل ہیں جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے فوری اور مؤثر امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم پوری انسانیت کے محسن ہیں، سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد امت مسلمہ کے جذبات سے کھیلنے کی ناپاک کوشش ہے۔وزیراعظم نے گستاخانہ مواد کی بندش کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے تمام اداروں کو مواد پھیلانے والوں کا سراغ لگانے اور قانون کے مطابق سزا دلانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت و عقیدت ہر مسلمان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے، ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں مسلمانوں کی حساسیت کا احترام کیا جانا چاہئے۔
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) مسلم لیگ ن کے سینیٹر ظفر علی شاہ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ حسین حقانی نے اپنے بیان میں ایبٹ آباد آپریشن کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کرنے کا اعتراف کیا ہے۔اس عمل میں آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی بھی شامل تھے، تینوں پر کورٹ مارشل کے تحت مقدمہ چلایا جائے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ حسین حقانی کو بیرون ملک سے لانے کا حکم دے اور آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی اور حسین حقانی کے نام ای سی ایل میں شامل کئے جائیں۔
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) ذرائع کے مطابق، حکمران جماعت نے پاناما کیس کا فیصلہ وزیر اعظم کے خلاف آنے کی صورت میں فوری الیکشن کروانے پر غور شروع کر دیا ہے۔مسلم لیگ نون کی اعلی قیادت نے تین ہفتوں میں چار بار مشاورت کی ہے۔ نون لیگ کو عدالت سے سرخرو ہونے کا یقین ہے پھر بھی تمام ممکنات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کو لاہور سے الیکشن لڑوانے کا حتمی فیصلہ بھی ہو چکا ہے۔ذرائع کے مطابق، حکومتی قانونی ماہرین پرامید ہیں کہ تحریک انصاف نے ایسی قانونی بنیاد فراہم نہیں کی جس کی بنیاد پر وزیراعظم کو گھر بھیجا جا سکے۔ مشاورتی اجلاسوں میں نوے فیصد رہنماؤں نے رائے دی کہ فیصلہ اگر خلاف آئے تو عوامی عدالت سے رجوع کیا جائے۔لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ الیکشن کیلئے مسلم لیگ ن کی تیاری مکمل ہے جبکہ پیپلز پارٹی سندھ تک محدود ہے۔ تحریک انصاف انتخابی تیاری کے بجائے سارا وقت احتجاجی سیاست میں لگی رہی ہے۔ذرائع کے مطابق، الیکشن جب بھی ہوئے مریم نواز لاہور سے الیکشن لڑیں گی۔ تمام لیگی وزراء اور رہنماؤں نے نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا ہے